الیکشن کمیشن غیر جانبدار نہیں، شیوسینا کا نام اور نشان ضبط کرنا سیاسی فیصلہ: سنجے راوت

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 24 th Nov.

ممبئی، 24 نومبر: راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت نے جمعرات کے روز الیکشن کمیشن پر غیر جانبدار نہ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ شیوسینا کا نام اور نشان ضبط کرنا مکمل طور پر غلط ہے۔ سنجے راوت نے یہ بھی کہا کہ جس طرح سے ہماری پارٹی کے انتخابی نشان اور نام کوفریز کیا گیا، وہ ایک سیاسی فیصلہ تھا۔سنجے راوت نے جمعرات کے روز صحافیوں کو بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا ایک آئینی ادارہ ہے۔ ملک کا الیکشن اور ملک کی جمہوریت اسی تنظیم کے ہاتھ میں ہے۔ اگر آئینی ادارہ کسی کے کہنے پر کام کرے یا حکمرانوں کے کہنے پر لوگوں کی تقرری کرے، تو ملک میں جمہوریت قائم نہیں رہ سکے گی۔ راوت نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو اس بات پر پھٹکار لگائی ہے کہ کوئی بھی الیکشن کمشنر اپنی مدت پوری نہیں کر پارہا ہے۔ سنجے راوت نے یہ بھی کہا ہے کہ میں سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس نے عوام کی آواز کو نظر انداز نہیں کیا۔سنجے راوت نے کہا کہ ٹی این شیشن کے بعد ملک کو ان جیسا الیکشن کمشنر نہیں ملا۔ اسی وجہ سے جب ٹی این شیشن نے ریٹائرمنٹ کے بعد صدارتی انتخاب لڑا تو شیو سینا نے انہیں ووٹ دیاتھا۔ ملک کو ٹی این شیشن جیسے ہی غیر جانبدار الیکشن کمشنر کی ضرورت ہے، تاکہ ملک میں جمہوریت زندہ رہ سکے۔