Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 12th Nov.
پٹنہ، 12 نومبر: بہار کے گوپال گنج ضمنی انتخاب میں اپنی شاندار کارکردگی کے بعد اسد الدین اویسی کی قیادت والی اے آئی ایم آئی ایم پرجوش ہے۔ ایسے میں اب انہوں نے جے ڈی یو اورآرجے ڈی کے ساتھ اتحاد کی خواہش ظاہرکی ہے۔ ادھردونوں پارٹیوں کواس کی دوستی پسند نہیں ہے۔ دریں اثنا بی جے پی نے تینوں پارٹیوں کو ملک دشمن طاقتوں کومضبوط کرنے والی قراردیا۔
اے آئی ایم آئی ایم کے ریاستی صدر اختر الایمان نے کہا کہ ہم ہم خیال جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن بی جے پی کے ساتھ کبھی اتحاد نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شروع سے کہا ہے کہ ہم خیال جماعتوں کو ملک اور معاشرے کو فاشسٹ قوتوں سے بچانے کے لیے ایک ساتھ آنا چاہئے۔ ادھر جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری اور ترجمان کے سی تیاگی ایسے کسی بھی منصوبے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘ سیکولرازم ‘ اور ‘ بنیاد پرستی ‘ میں فرق ہے۔ ہم ان کے ساتھ اتحاد نہیں کرسکتے۔ ساتھ ہی آر جے ڈی کے ترجمان شکتی سنگھ یادونے بھی کہا کہ ہمارا اے آئی ایم آئی ایم سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور ہم اسے سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ بی جے پی نے گوپال گنج اسمبلی ضمنی انتخاب اے آئی ایم آئی ایم کی وجہ سے جیتا ہے۔ دریں اثنا بی جے پی او بی سی مورچہ کے قومی جنرل سکریٹری اور بہار بی جے پی کے ترجمان ڈاکٹر نکھل آنند نے کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم اور آر جے ڈی ، جے ڈی یو ایک ہی سکے کے دوپہلوہیں۔ ان سب کا ایک ہی ایجنڈا ہے جو ملک دشمن قوتوں کو تقویت دیتا ہے۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اکبرالدین اویسی تو وہی لیڈر ہے جنہوں نے 15 منٹ کے لئے ہندوستان سے پولیس۔ انتظامیہ ہٹالینے پر ملک بھر کے سبھی ہندوؤں کو اتنی ہی دیر میں نمٹا دینے کی بات کی تھی۔ وہیں نتیش کمار بہار کے تمام اسکولوں اور تھانوں میں اردو کے لوگوں کو بحال کرنے جارہے ہیں۔ یہی نہیں سرحدی علاقے کے اسکولوں میں نتیش کمار جمعہ کے روز نماز پڑھنے کے لیے چھٹی کرواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں آبادی کنٹرول ایکٹ اور یکساں سول کوڈ کو بغیر کسی تاخیر کے نافذ کیا جائے۔