بہار میں شراب بندی ناکام، صرف حکومت کے کہہ دینے سے نہیں ملے گی کامیابی : اوپیندر کشواہا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th Nov.

پٹنہ، 10 نومبر:بہار میں شراب بندی کامیاب نہیں ہے۔ یہ بات کسی اپوزیشن پارٹی نے نہیں بلکہ جے ڈی یو پارلیمانی بورڈ کے صدر اوپیندر کشواہا نے خود کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عوام نہیں چاہے گی تب تک شراب بندی کامیاب نہیں ہوگی۔ صرف حکومت کے کہنے سے شراب بندی کامیاب نہیں ہو سکتی ہے۔جے ڈی یو پارلیمانی بورڈ کے صدر اوپیندر کشواہا نے صحافیوں کے سوالوں کا نہایت سادگی سے جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ بہار میں مکمل شراب بندی کامیاب نہیں ہے۔ حالانکہ انہوں نے اصرار کیا کہ شراب بندی سے لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ عام لوگوں کواس میں اپنی حصہ داری دینی چاہئے۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی گجرات میں الیکشن لڑے گی۔ اپیندر کشواہا نے اعتراف کیا کہ بہار میں جرائم ہو رہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس بھی اسے روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔لیکن بہار میں شراب بندی کی کامیابی پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے، جسے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار مکمل طور پر کامیاب کر رہے ہیں، اوپیندر کشواہا نے یقیناً اپنی ہی پارٹی کو کٹہرے میں لا کر کھڑا کیا ہے۔ ظاہر ہے کہ ایسی صورتحال میں اپوزیشن اس معاملے سے فائدہ اٹھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہے گی۔در اصل اوپیندر کشواہا ایک خراج عقیدت پروگرام میں شرکت کے لیے منگل کی دیر رات مہوا کے سنگھاڈا گاو?ں پہنچے تھے۔ جہاں انہوں نے خراج عقیدت اجلاس میں شرکت کی۔ اس دوران اپیندر کشواہا کے ساتھ پارٹی کے کئی مقامی کارکن موجود تھے۔