‌عالمی یوم اردو کے موقع پر راجپور اورنگ آباد بہار میں ایک شاندار مشاعرہ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 12th Nov.

 راجپور اورنگ آباد ،( پریس اعلانیہ)  ضلع اورنگ آباد بہار کے قصبہ راجپور میں ۹ نومبر ۲۰۲۰ کو عالمی یوم اردو کے موقع پر انجمن اصلاح المسلمین راجپور کی جانب سے بزم شعرو ادب (مشاعرہ) کی محفل سجائی گئی اس موقع پر اردو کے آفاقی شاعر ڈاکٹر علامہ اقبال رحمتہ اللہ کی زندگی کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی گئی ساتھ ہی ساتھ اردو ادب کی مقبولیت اور افادیت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی کہ اردو ایک زبان ہی نہیں بلکہ گنگا جمنی مشترکہ تہذیب ہے اور یہ زبان ہندوستان کی ثقافتی میراث بھی ہے
بعد ازاں ایک مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت کہنہ مشق اور استاد شاعر شبیر حسن شبیر کر رہے تھے اور نظامت کے فرائض معروف ناظم مشاعرہ جناب آفتاب رانا انجام دے رہے تھے اس مشاعرہ میں شریک شعراء اور شاعرات میں جناب شبیر حسن شبیر،جناب اقبال اختر دل جناب گلفام صدیقی جناب آفتاب رانا جناب ماسٹر مشتاق جناب قدرت اللہ قدرت اور محترمہ انجم آرا انجم نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا نمونہ کلام ملاحظہ فرمائیں
قدرت اللہ قدرت
صرف اترا ہے سروں سے ابھی تھوڑا پانی
کون کہتا ہے مصیبت سے نکل آۓ ہیں
شبیر حسن شبیر
ہر شخص کو انسان بنادیں تو چلیں
ہر جھوٹ زمانے سے مٹادیں تو چلیں
دنیا میں عجب دور سے گزرے ہیں سبھی
حالات کو معمول پر لادیں تو چلیں
گلفام صدیقی
زمیں نالاں ہے اوپر آسماں ناراض ہے ہم سے
عرب کے دشت سے آئ صدا کو بھول بیٹھے ہیں
بہت افسوس ہم سب خدا کو بھول بیٹھے ہیں
اقبال اختر دل
گھر کے حالات سے مجبور ہوۓ اتنا کہ
بچپنا چھوڑ کے بچپن میں کمانے نکلے
آفتاب رانا
آپ خاموش رہیں تب بھی یہ لب بولتے ہیں
آنکھ، ابرو ،گل رخسار یہ سب بولتے ہیں
انجم آرا انجم
پیار کا میرے دل میں جلا کر دیا
کیا بتاؤں تجھے کیا سے کیا کردیا
مشاعرہ کے آخر میں اظہار تشکر جناب نبی احمد خان نے پیش کرتے ہوئے تمام شعرائے کرام اور سامعین کا شکریہ ادا کیا اس میں شریک  شعراء کے علاوہ شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود رہی جس میں شکیل احمد خان اشتیاق خان ظہیر احمد خان مشتاق احمد خان سلیمان خان پرویز عالم اصغر خان شیخ اسرار شیخ مبین شیخ مذکور غلام جیلانی خان تسلیم خان طفیل احمد فرقان احمد تقی احمد احسان احمد اور فیاض احمد خان وغیرہ آخر میں صدر کی اجازت سے مشاعرہ کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔