قتل کے خلاف مشتعل لوگوں نے دو مقامات پر سڑک جام کی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 24 th Nov.

رانچی، 24 نومبر: رانچی کے الگ الگ تھانہ علاقوں میں ہوئے قتل کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے مشتعل لوگوں نے بریاتو اور نگڑی میں سڑک جام کر دیا ۔ پہلا معاملہ بریاتو تھانہ علاقہ کے ایدل ہاتو کا ہے۔ یہاں زمین کے تاجر دھون رام کا گولی مار کر قتل کئے جانے کے خلافمقامی لوگوں نے جمعرات کو احتجاج کرتے ہوئے ایدا ل ہاتو چوک کی سڑک کو بند کر دیا ہے۔ مشتعل افراد نے مین روڈ اور میدان کے درمیان والی سڑک جام کر کے احتجاج کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بریاتو تھانہ انچارج موقع پر پہنچے اور مشتعل لوگوں کو سمجھایا اور سڑک جام کو ختم کروایا۔
قابل ذکر ہے کہ زمین کے تاجر دھون رام کا بدھ کی دیر شام بریاتو تھانہ علاقے کے ایدل ہاتو میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
دوسرا معاملہ نگڑی تھانہ علاقہ کے لال گٹوا کا ہے۔ لال گٹوا کے سینکڑوں دیہی باشندوں نے سورج محلی کے قتل کے خلاف احتجاج میں کٹہل موڑ کو جام کر دیا۔ مشتعل افرادنے قتل کے خلاف سراپا احتجاج کیا۔ جام کے باعث سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ نگڑی تھانہ انچارج نے موقع پر پہنچ کر مشتعل لوگوں کو منایا اور جام کھلوایا۔