کڑھنی اسمبلی ضمنی انتخاب : جے ڈی یو کے منوج کشواہا عظیم اتحاد کے امیدوار بنے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 12th Nov.

پٹنہ، 12 نومبر:۔کڑھنی اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب میں عظیم اتحاد کے امیدوار پر اتحاد ہوگیا ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ سیٹ جے ڈی یو کے کھاتے میں گئی ہے۔ منوج کشواہا عظیم اتحاد کے امیدوار ہو ں گے۔ اس کا باضابطہ اعلان جے ڈی یو دفتر میں کیا جائے گا۔ واضح ہو کہ یہ سیٹ گزشتہ الیکشن کی بنیاد پر آر جے ڈی کے پاس تھی۔ کڑھنی اسمبلی سیٹ کے لیے نامزدگی 17 نومبر تک کی جا سکتی ہے ۔ پرچہ نامزدگی کی جانچ پڑتال 18 نومبر کو ہو گی اور 21 نومبر تک پرچہ نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے ۔ اس کے بعد 5 دسمبر کو پولنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔یہ سیٹ آر جے ڈی کے انیل سہنی کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ کڑھنی اسمبلی حلقہ سے آر جے ڈی کے ایم ایل اے انیل سہنی پر راجیہ سبھا ممبر ہوتے ہوئے ایل ٹی سی گھوٹالہ کا الزام ہے۔ سی بی آئی اس الزام کی جانچ کر رہی تھی۔ انیل سہنی جب راجیہ سبھا کے رکن بنے تو بغیر سفر کیے لاکھوں روپے کا گھوٹالہ ہوا۔ سی بی آئی نے ایل ٹی سی گھوٹالہ معاملہ میں 31 اکتوبر 2013 کو مقدمہ درج کیا تھا۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں منی لانڈرنگ ایکٹ ، دھوکہ دہی ، سرکاری عہدے کے غلط استعمال کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے انہیں چھٹی اور سفر الاؤنس گھوٹالہ معاملہ میں مجرم قرار دیتے ہوئے دو سال قید کی سزا سنائی ہے۔منوج کشواہا 2005 سے 2015 تک کڑھنی سیٹ سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ 2020 میں یہ سیٹ این ڈی اے کوٹہ سے بی جے پی کے کھاتے میں گئی۔ بی جے پی کے کیدار گپتا نے 2015 میں یہاں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 2020 کے انتخابات میں انہیں آر جے ڈی کے انیل کمار سہنی سے 712 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ منوج کشواہا کو مظفر پور کے مینا پور سے 2020 میں بی جے پی امیدوار کڑھنی سے الیکشن لڑنے کی وجہ سے ٹکٹ دیا گیا تھا لیکن بعد میں احتجاج کے بعد انہوں نے نشان واپس کر دیا تھا۔