افضل خان کی قبر کے قریب غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کا کام شروع

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th Nov.

ممبئی، 10 نومبر: ستارا ضلع واقع پرتاپ گڑھ میں افضل خان کی قبر کے قریب بڑے پیمانے پر کی گئی غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کا کام جمعرات کی صبح 6 بجے سے ضلع انتظامیہ اور محکمہ محصولات کی ٹیم نے شروع کر دیا ہے۔ علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے تاکہ کوئی ہنگامہ نہ ہو۔ پرتاپ گڑھ میں چار اضلاع کے 1500 سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
معلومات کے مطابق پرتاپ گڑھ میں افضل خان کی قبر (مزار) چھترپتی شیواجی مہاراج نے خود ان کے قتل کے بعد بنوائی تھی۔ شروع میں یہ مقبرہ چند فٹ کی جگہ پر تھا لیکن بعد میں اس مقبرے کو خوبصورت بنایا گیا اور محکمہ جنگلات کی ایک ایکڑ اراضی پر قبضہ کرکے 19 غیر قانونی کمرے بنائے گئے۔سال 2006 میں مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ سے شکایت کی۔ محکمہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہ ہونے پر معاملہ عدالت میں چلا گیا۔ بامبے ہائی کورٹ نے اس معاملے میں دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے 15 اکتوبر 2008 اور 11 نومبر 2009 کو غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس حکم کو ا?گے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے بھی ہائی کورٹ کے حکم کو برقرار رکھا اور 2017 میں تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا۔ لیکن اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی تھی۔
بتایا جا رہا ہے کہ بدھ کے روز ہی ستارہ ضلع انتظامیہ اور محکمہ ریونیو کی طرف سے انتہائی رازداری رکھتے ہوئے بلڈوزر، پوکلین وغیرہ کے انتظامات کئے گئے تھے اور رات کو ہی انہدامی کارروائی کی تیاریاں کی گئی تھیں۔ جمعرات کی صبح ہی اس کامپلیکس پر مکمل پابندی لگا کر افضل خان کی قبر کے قریب غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔