آٹا-دال اسکیمگھوٹالہ: پی ایس سی ایس سی ایل کے جنرل منیجر کے خلاف مقدمہ درج

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 24 th Nov.

چنڈی گڑھ، 24 نومبر: پنجاب میں پچھلی شرومنی اکالی دل-بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے دوران نافذ کی گئی آٹا -دال اسکیم تنازعات میں گھرگئی ہے۔ اس اسکیم کے نفاذ میں گھپلے کی وجہ سے پنجاب ویجیلنس بیورو نے بدھ کی رات پی ایس سی ایس سی ایل کے جنرل منیجر نوین کمار گرگ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
بیورو کے ترجمان نے بتایا کہ اس گھوٹالے کی تحقیقات کے دوران بیورو کو پتہ چلا کہ سال 2015-16 میں آٹا دال اسکیم کے تحت آٹا دال کی تقسیم کے دوران نوین کمار نے براہ راست دو کروڑ 20 لاکھ 52 ہزار روپے 042 روپے کاسرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا ہے۔اس اسکیم کے تحت یوکو بینک کے اکاؤنٹ میں 43 کروڑ 74 لاکھ 98 ہزار 681 روپے جمع کروانے کے بجائے صرف 38 کروڑ 38 لاکھ 88 ہزار 711 روپے جمع کروائے۔ اس طرح نوین کمار نے پی ایس سی ایس سی ایل کے دیگر ملازمین کے ساتھ مل کر 5 کروڑ 36 لاکھ 9 ہزار 979 روپے کا غبن کیا۔
ترجمان نے کہا کہ نوین کمار نے پی ایس سی ایس سی ایل میں اپنے دور میں پنجاب کے طے سروس رولز کو نظر انداز کرتے ہوئے محکمہ کے الگ الگ ملازمین کو جاری چارج شیٹ رفع دفع کی ، جس سے ریاستی حکومت کو 64 کروڑ 64 لاکھ 36 ہزار 854 روپے کا نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ نوین کمار کے پاس پی ایس سی ایس سی ایل کے مینیجر کے طور پر منتخب ہونے کے لیے مطلوبہ اہلیت اور تجربہ نہیں تھا لیکن وہ مینیجر کے طور پر منتخب ہونے میں کامیاب رہے۔ جبکہ باقی امیدواروں کو نااہل قرار دے دیا گیا۔ بیورو نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔