بی جے پی کسان مورچہ کے ترجمان یوگیندر اپادھیائے عام آدمی پارٹی میں شامل

Taasir Urdu News Network – 22th Nov.

نئی دہلی، 22 نومبر (تاثیر بیورو)۔ دہلی پردیش بی جے پی کسان مورچہ کے ترجمان یوگیندر اپادھیائے، دہلی ہائی کورٹ کے سینئر وکیل اتل کمار پانڈے، جو بی جے پی میں مختلف عہدوں پر رہ چکے ہیں، بی جے پی کی ضلعی سکریٹری سنیتا سنگھ اور ڈویژنل نائب صدر انیتا نے منگل کو عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر منیش سسودیا نے ٹوپی اور پٹکا پہنا کر پارٹی میں ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاست بدل رہی ہے۔ جو لوگ عوام اور ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں وہ عام آدمی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔اس موقع پر سسودیا نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت خوشی کی بات ہے کہ عام آدمی پارٹی کا خاندان دن بہ دن مضبوط ہو رہا ہے اور اسی سلسلے میں مشرقی دہلی کے کئی سینئر بی جے پی لیڈر آپ میں شامل ہو کر آپ کے انقلاب کو مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی قیادت میں عام آدمی پارٹی نے عوام کی بھلائی کے لیے ایسے کام کیے ہیں، جو سیاست میں کبھی ممکن نہیں سمجھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یوگیندر اپادھیائے جی جس طرح سے عام آدمی پارٹی نے دہلی میںتعلیم، صحت، پانی، بجلی اور عوامی مفاد کے دیگر کام کئے ہیں اس سے متاثر ہو کر پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔اس موقع پر یوگیندر اپادھیائے نے کہا کہ دہلی میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے تیار کردہ ترقی کے ماڈل کی نہ صرف دہلی بلکہ پورے ہندوستان میں چرچا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس رفتار سے عام آدمی پارٹی دہلی کی ترقی کے لیے بہتر کام کر رہی ہے، چاہے وہ اسکول ہو، اسپتال ہو یا محلہ کلینک، آج تک کوئی اور پارٹی ایسا کام نہیں کر پائی ہے۔قابل ذکر ہے کہ دہلی پردیش بی جے پی کے سینئر لیڈر یوگیندر اپادھیائے دہلی پردیش بی جے پی کسان مورچہ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔ ان کے ساتھ دہلی ہائی کورٹ کے سینئر وکیل اور بی جے پی میں مختلف عہدوں پر رہنے والے اتل کمار پانڈے، بی جے پی کی ضلعی سکریٹری سنیتا سنگھ اور منڈل کی نائب صدر سنیتا نے بھی عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔