سنجے راوت نے ویر ساورکر اور بالا صاحب ٹھاکرے کو بھارت رتن دینے کا مطالبہ کیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17th Nov.

ممبئی، 17 نومبر: شیوسینا (اْدھو بالاصاحب ٹھاکرے) کے رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت نے کہا کہ مجاہد آزادی ویر ساورکر اور شیوسینا کے سربراہ بالا صاحب ٹھاکرے کو بھارت رتن دیا جانا چاہیے۔ ویر ساورکر ہندوتو کے سخت حامی تھے۔ ان کے بعد بالا صاحب ٹھاکرے نے ویر ساورکر کے نظریات کو ملک میں عوام تک پہنچایا۔ اس لیے مرکزی حکومت کو ان دونوں لیڈروں کو بھارت رتن ایوارڈ دینے کا فیصلہ لینا چاہیے۔سنجے راوت نے کہا کہ آج بالاصاحب ٹھاکرے کی 10 ویں برسی ہے، آج بھی وہ ہمارے درمیان ہیں۔ شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) ان کے نظریے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ شیوسینا پر پچھلے 50 سالوں سے حملے کئے جا رہے ہیں۔ بالاصاحب زندہ تھے، اس وقت بھی ان پر حملے ہوتے تھے۔ بالا صاحب جتنے اچھے مصور تھے، اتنی ہی اچھی ان کی ملک کی سمجھ تھی۔ وہ ہر حملے کا مقابلہ کرنے کے قابل تھے۔ بالا صاحب ٹھاکرے کو ڈھونگ بالکل پسند نہیں تھی۔ آج بہت سے ڈھونگی لوگ بالاصاحب کے نام پر غلط کام کر رہے ہیں، اگر بالاصاحب ٹھاکرے زندہ ہوتے تو ایسے لوگوں کی اچھی طرح سے خبر لیتے ۔ آج ملک میں بالاصاحب جیسا باشعور کوئی نہیں ہے۔
سنجے راوت نے یہ بھی کہا کہ آج ویر ساورکر کے نام پر ڈھونگ ہورہا ہے۔ ویر ساورکر جیسا کوئی اور ہندوتو لیڈر نہیں ہو سکتا۔ سنجے راوت نے کہا کہ ویر ساورکر کے نام پر سیاست کرنے کے بجائے مرکزی حکومت کو فوراً ویر ساورکر کو بھارت رتن ایوارڈ سے نوازنا چاہئے۔