سونپور میلہ میں کل ہند مشاعرہ 26نومبر کو

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 12th Nov.

شبینہ ادیب ، طاہر فراز، جوہر کانپوری،ایم طراز، اقبال اشعر، سنیل کمار تنگ وغیرہ ہونگے شریک : اسپیشل سکریٹری دیپک آنند

پٹنہ ، 12 نومبر (م ن ع) پوری دنیا میں اپنی خاص پہچان رکھنے والا سون پور میلہ شروع ہوچکا ہے۔کووڈ کی وجہ سے دو برسوں کے وقفہ کے بعد شروع ہونے والے اس میلہ کی تیاری مہینوں سے چل رہی تھی۔میلہ گھومنےآئے لوگوں کو راغب کرنے کے لیے یہاں روزانہ واٹر اسپورٹس ، ایڈونچر اسپورٹس اور دیگر مقابلہ جاتی پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں۔محکمہ فن، ثقافت اور امور نوجوان اور ضلع انتظامیہ سارن کے زیر اہتمام 10 نومبر سے ہی رنگا رنگ ثقافتی پروگرام کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔پچھلے دو دنوں سے نغمہ و موسیقی کی خوشبو سے میلہ کا ماحول معطر ہے۔ سون پور میلے میں کل 2136 اسٹال لگائے گئے ہیں۔ اس میںطرح طرح کی مصنوعات کے علاوہ گھریلو اشیاء مناسب قیمتوں دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ ہاتھیوں، گھوڑوں کے ساتھ ساتھ گائیوں، بیلوں ، بھینسوںاور دیگر مویشیوں کی بھی خوب خرید و فروخت ہو رہی ہے۔
سونپور میلہ میں حکومت بہار کے محکمہ فن، ثقافت اور امور نوجوان کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے ثقافتی پروگرام کے حوالے سے محکمہ کے اسپیشل سکریٹری دیپک آنندکا کہنا ہے کہ اپنے اپنے میدان کے ماہر فنکاروں کے ذریعہ نغمہ و موسیقی کی پیش کش کا سلسلہ تو روز اول سی ہی جار ہے۔آنے والے دنوں میں مزید خوبصورت پروگرام ہونے والے ہیں۔11 نومبر کو مزاحیہ مشاعرہ ہونے والا ہے، جس میںملک کے کئی نامور مزاحیہ شعرا شرکت کریں گے۔17 نومبر کو پدمنی کولھا پوری اور ششی کانت پیڈوال (جونیئر امیتابھ بچن) لوگوں کا منورنجن کریں گے،اسی طرح 18 نومبر کو پدم شری مالنی اوستھی لوک گیت ، 19 نومبر کو ممتا جوشی صوفی کلام، 20نومبر کو کلپنا پٹواری لوک گیت، ، 24 نومبر کو جعلی مکھرجی اور راجہ رینچو ناظرین کی تفریحات کے لئے حاضر رہیں گے۔

اسپیشل سکریٹری دیپک آنند بتاتے ہیں کہ 26 نومبر کو شعر و شاعری سے تعلق رکھنے والے ناظرین و سامعین کے لئے مخصوص رکھا گیا ہے۔اس دن ڈائس پر طاہر فراز، جوہر کانپوری،ایم طراز، اقبال اشعر، سنیل کمار تنگ، شبینہ ادیب، عارفہ شبنم اور ہلال بدایونی جیسی ، مشاعرے کی دنیا کی عظیم ہستیاں موجود رہیں گی۔اس کے بعد یعنی 27 نومبر ، 3دسمبر اور 5 دسمبر کو بھی الگ الگ ثقافتی پروگرام منقعد کئے جائیں گے۔اطلاع کے مطابق مذکورہ سبھی پروگرام محکمہ سیاحت کے مین ڈائس پر پیش کئے جائیں گے۔
اسپیشل سکریٹری دیپک آنندنے شاندار روایت کا حامل سونپور میلہ دیکھنے اور مذکورہ پروگرام سے لطف اندوز ہونے کی دعوت تمام شائقین کو ہے۔بتایا جاتا ہے کہ بہار کے محکمہ سیاحت کی ویب سائٹ سے میلے میں رات گزارنے کے لیے سوئس کاٹیج بک کیا جا سکتا ہے۔ میلے میں سکیوریٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ میلہ میں آنے والوں کو کوئی پریشانی نہیں ہو۔