متنازعہ بیان دینے پر راہل گاندھی کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے ویر ساورکر کے پوتے تھانے اور ناگپور میں راہل گاندھی کے خلاف پرتشدد احتجاج

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17th Nov.

ممبئی، 17 نومبر: مہاراشٹر میں بھارت جوڑو یاترا کے دوران ویر ساورکر کے بارے میں متنازعہ بیان دینے پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی سخت مخالفت کی جا رہی ہے۔ ویر ساورکر کے پوتے رنجیت ساورکر نے کہا کہ وہ راہل گاندھی کے خلاف دادر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرائیں گے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے راہل گاندھی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دریں اثناء ویر ساورکر کے خلاف متنازعہ بیان دینے پر جمعرات کو راہل گاندھی کے خلاف زبردست احتجاج کیا جا رہا ہے۔ مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے صدر راج ٹھاکرے نے جمعہ کو مہاراشٹر کے شیگاؤں میں ہونے والی راہل گاندھی کی ریلی کے دوران سیاہ جھنڈے دکھانے کا حکم دیا ہے۔ ایم این ایس کے جنرل سکریٹری سندیپ دیشپانڈے نے کہا کہ راہل گاندھی کی مخالفت کی جائے گی۔
دراصل، جمعرات کو راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران کہا تھا کہ ویر ساورکر نے جدوجہد آزادی کے دوران جیل کی سزا سے نجات کے لیے انگریزوں کو معافی نامہ لکھا تھا۔ اس کے ساتھ ویر ساورکر نے انگریزوں سے 60 روپے پنشن بھی لی تھی۔ راہل گاندھی کے اس بیان کے بعد ریاست میں راہل گاندھی کے خلاف ماحول گرم ہوگیا ہے۔ ویر ساورکر کے پوتے رنجیت ساورکر نے کہا کہ راہل گاندھی کے اس بیان سے ویر ساورکر کی بدنامی ہوئی ہے اور وہ دادر پولیس اسٹیشن جائیں گے اور راہل گاندھی کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔
شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے صدر ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ وہ راہول گاندھی کے اس بیان کی حمایت نہیں کرتے ہیں۔ ویر ساورکر ایک کٹر ہندوتوا رہنما تھے۔ آزادی میں ویر ساورکر کے تعاون کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔