موڈیز نے بھارت کی اقتصادی ترقی کی پیشین گوئی کااندازہ 7.7 فیصد سے کم کر کے 7 فیصد ی کردیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 11th Nov.

نئی دہلی ، 11 نومبر: ریٹنگ ایجنسی موڈیز انویسٹر سروس نے سال 2022 کیلئے ہندوستان کی ترقی کی پیشین گوئی کو کم کر کے 7 فیصد کر دیا ہے۔ کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی نے اس سے قبل اقتصادی ترقی کی شرح 7.7 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا تھا۔موڈیز انوسٹر سروس نے جمعہ کو جاری کردہ اپنے گلوبل میکرو آؤٹ لک اپ ڈیٹ میں یہ بات کہی۔ ایجنسی نے کہا ہے کہ عالمی ترقی میں سست روی اور مالیاتی پالیسیوں میں مسلسل سختی کی وجہ سے ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو کے تخمینے میں کمی کی گئی ہے۔ اس سے قبل ایجنسی نے 2022 کے لیے ہندوستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 8.8 فیصد سے کم کر کے 7.7 فیصد کر دی تھی۔ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے تازہ ترین تخمینوں کے مطابق ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح سال 2023 میں کم ہو کر 4.8 فیصد ہو جائے گی ، جو سال 2024 میں دوبارہ بڑھ کر تقریباً 6.4 فیصد ہو جائے گی۔ اس کے باوجود ایجنسی کے مطابق، ہندوستان دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے۔
مالی سال 2021-22 ( اپریل 2021 سے مارچ 2022) میں ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 8.7 فیصد تھی۔ دریں اثناریزرو بینک آف انڈیا نے مئی سے پالیسی سود کی شرح ریپو ریٹ میں 190 فیصد اضافہ کیا ہے۔ اس سے پہلے فنانس سکریٹری ٹی وی سوماناتھن نے مالی سال 2022-23 میں ملک کی جی ڈی پی کے 7 فیصد سے زیادہ کی شرح نمو کا اندازہ لگایا تھا۔ تاہم آر بی آئی نے رواں مالی سال کے لیے 7.2 فیصد کی ترقی کی پیشین گوئی کو برقرار رکھا ہے۔