کانگریس کو گہلوت اور پائلٹ دونوں کی ضرورت ہے: رمیش

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 25 th Nov.

کھرگون، 25 نومبر:کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر جے رام رمیش نے آج کہا کہ پارٹی کو راجستھان میں وزیر اعلی اشوک گہلوت اور سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ دونوں کی ضرورت ہے اور تنظیم کو ترجیح دیتے ہوئے راجستھان کے بحران کو حل کیا جائے گا۔مسٹر رمیش آج مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع کے سنواد میں نامہ نگاروں سے بات چیت کر رہے تھے۔ ان دنوں وہ راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے سلسلے میں مدھیہ پردیش میں ہیں۔اس دوران انہوں نے کہا کہ مسٹر گہلوت پارٹی کے سینئر اور تجربہ کار لیڈر ہیں، جب کہ مسٹر پائلٹ نوجوان ساتھی، توانا، مقبول اور تعلیم یافتہ ہیں۔ پارٹی کی تنظیم سب سے اہم ہے۔ تنظیم کو ترجیح دیتے ہوئے راجستھان کے بحران کا حل تلاش کیا جائے گا۔کل سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے مسٹر گہلوت کے انٹرویو کے تناظر میں مسٹر رمیش نے کہا کہ اس میں کچھ غیر متوقع الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے۔