Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 29th Dec.
لاہور،29دسمبر: قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پارٹی اراکین اسمبلی اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے انفرادی طور پر طلب کیا جائے گا جب کہ پی ٹی آئی نے استعفے اجتماعی طور منظور کرنے پر اصرار کیا۔خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد تحریک انصاف نے رواں برس اپریل میں قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔بعدازاں 28 جولائی کو قومی اسمبلی کے اسپیکر نے تحریک انصاف کے صرف 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔پی ٹی آئی نے یکم اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس قدم کو چیلنج کیا تھا، تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے 6 ستمبر کو درخواست مسترد کردی تھی۔اس کے بعد تحریک انصاف نے اسے مبہم، سرسری اور خلاف قانون قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور ہائی کورٹ کے فیصلے کو منسوخ کرنے کی درخواست کی، تاہم سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ ابھی تک نہیں آیا۔پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے ا?ج اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے ملاقات کرکے ان کے سامنے 8 نکاتی ایجنڈا سامنے رکھ دیا۔پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں موجودہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی، اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس آمد کا خیر مقدم کیا۔پی ٹی آئی کے وفد میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری ، پارٹی چیف وہپ ملک عامر ڈوگر، امجد خان نیازی، فہیم خان، ڈاکٹر شبیر حسن لال ملی، عطااللہ اور طاہر اقبال شامل تھے۔