Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17 th Dec.
کولکاتہ، 17 دسمبر:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو ریاستی سکریٹریٹ نواں میں مشرقی علاقائی میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے الگ سے ملاقات کی۔ شاہ سے ممتا کی ملاقات ریاستی سکریٹریٹ کی 14ویں منزل پر واقع چیف منسٹر آفس میں ہوئی ہے۔بھلے ہی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ سکریٹریٹ میں ہونے والی یہ ملاقات انتظامی ہے، لیکن اس کی سیاسی اہمیت بھی کم نہیں ہے۔ پنچایت انتخابات کو لے کر بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے درمیان دشمنی اپنے عروج پر ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی ایجنسیاں ترنمول کانگریس کے کئی لیڈروں سے تفتیش کر رہی ہیں جن میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی اور ان کی اہلیہ شامل ہیں۔ ایسے میں ممتا اور امت شاہ کی ملاقات بہت اہم سمجھی جا رہی ہے۔اگرچہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں کیا بات چیت ہوئی اس بارے میں سرکاری طور پر کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ میٹنگ میں ممتا بنرجی نے مرکزی وزیر داخلہ کے سامنے مغربی بنگال کی مالی امداد کو جلد از جلد جاری کرنے کا مطالبہ رکھا ہے۔دراصل امت شاہ مشرقی علاقائی سلامتی کونسل کی میٹنگ کے لیے بنگال آئے ہیں۔ وہ اس کونسل کے چیئرمین ہیں جبکہ ممتا بنرجی اس کی وائس چیئرمین ہیں۔