اے ٹی ایس نے 24 مقدمات میں ماخوذ ملزم لوکش گرفتار

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17 th Dec.

رانچی، 17 دسمبر: انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے بدنام زمانہ ابھیشیک پریہ درشی عرف لوکش شرما کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسے بہار کے ارول سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے پاس سے دو موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔اے ٹی ایس کے ایس پی سریندر کمار جھا نے ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر اے ٹی ایس اور رانچی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے جمعہ کو ریاست بہار کے ارول سے گینگ لیڈر ابھیشیک پریہ درشی عرف لوکوش شرما کو گرفتار کیا۔ ایس پی نے کہا کہ چھاپہ مار پارٹی میں شامل اہلکاروں کو پولیس ہیڈ کوارٹر کی سطح پر انعام دیا جائے گا۔
ایس پی نے کہا کہ رانچی کے مختلف تھانہ علاقوں میں لوکش کے خلاف کل 24 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ان میں قتل، ڈکیتی، بھتہ خوری، اسلحہ ایکٹ اور فائرنگ سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔ ایس پی نے کہا کہ لوکش شرما گینگ نے 27 جنوری کو مورابادی میں کالو لاما کا قتل کر دیا تھا۔ اس معاملے میں لوکش مفرور تھا۔ اس دوران وہ رانچی ضلع کے تاجروں کو دھمکیاں دے کر ان سے بھتہ وصول کرتا رہا۔ اس کے ساتھ ہی تاجروں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو رہا تھا۔