Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8 th Dec.
نئی دہلی، 8دسمبر : بی سی سی آئی نے جمعرات کو ٹیم انڈیا کی 3 ہوم سیریز کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ 3 جنوری سے 22 مارچ تک ہندوستان کو سری لنکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز کھیلنی ہے۔ اس دوران ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کے کل 19 میچ کھیلے جائیں گے۔بھارت اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی میچز 3، 5 اور 7 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔ جبکہ ون ڈے 10، 12 اور 15 جنوری کو ہوں گے۔ ٹی ٹوئنٹی میچز ممبئی، پونے راج کوٹ جبکہ ون ڈے میچز گوہاٹی، کولکاتہ اور تریویندرم میں کھیلے جائیں گے۔اس کے بعد ٹیم انڈیا کو نیوزی لینڈ سے سیریز کھیلنی ہے۔ ان کیخلاف 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی بھی ہیں۔ ون ڈے سیریز 18 جنوری کو حیدرآباد، 21 جنوری کو رائے پور اور 24 جنوری کو اندور میں کھیلی جائے گی۔ ٹی ٹوئنٹی میچز 27 جنوری کو رانچی، 29 جنوری کو لکھنؤ اور یکم فروری کو احمد آباد میں ہوں گے ۔ رائے پور میں پہلی بار بین الاقوامی میچ کھیلا جائے گا۔ وہاں آئی پی ایل کے میچ کھیلے گئے ہیں۔ہندوستانی ٹیم کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے تحت آسٹریلیا سے پہلے 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔ پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 فروری تک ناگپور میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 فروری تک دہلی میں، تیسرا ٹیسٹ 1 سے 5 مارچ تک دھرم شالہ میں اور آخری ٹیسٹ 9 سے 13 مارچ تک احمد آباد میں کھیلا جانا ہے۔ اس کے بعد بالترتیب 17 مارچ کو ممبئی، 19 مارچ کو ویزاگ اور 22 مارچ کو چنئی میں 3 ون ڈے کھیلے جائیں گے۔انڈین ٹیم اس وقت بنگلہ دیش کے دورے پر ہے۔ اور خراب کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہ ے ، 3 میچوں کی ون ڈے سیریز 0-2 سے گنوا بیٹھی ہے۔ آخری میچ 10 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں کے درمیان 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز 14 دسمبر سے شروع ہوگی ۔ میزبان بنگلہ دیش ٹیم نے ہو م سیریز میں ہمیشہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس صورتحال میں انڈین ٹیم کیلئے مشکلات کھڑی ہوسکتی ہے۔