خدا بخش لائبریری میں سول سروسز امتحان کے لیے واقفیت(Orientation) کا پروگرام کا انعقاد

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17 th Dec.

پٹنہ: ۱۷؍دسمبر۲۰۲۲ء : خدا بخش لائبریری میں مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لئے ہر روز سو سے زیادہ طالب علم موجود رہتے ہیں۔ان طالب علموں کو صحیح رہنمائی ملے، اس کے لئے لائبریری وقت وقت پرواقفیت(Orientation) کا پروگرام منعقد کراتی رہتی ہے۔ اسی مقصد سے آج کا یہ پروگرام مرتب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شائستہ بیدار، ڈائرکٹر خدا بخش لائبریری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جس کی بدولت سماج میں بدلاؤ لایا جاسکتا ہے۔ خدا بخش لائبریری کا ایک بڑا سیکشن کرزن ریڈنگ ہال میں دو سو سے زیادہ طالب علموں کے لئے ساری سہولیات مہیا کرائی گئی ہے۔ تاکہ وہ پورے سکون سے اپنے منتخبہ امتحان کی تیاری کر سکیں اور اپنے کیریر کو روشن بنا سکیں۔ ان طالب علموں کی رہنمائی کے لئے وقتاً فوقتاً پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں تاکہ اس کی روشنی میں وہ صحیح سمت میں اپنی تیاری کر سکیں۔ اسی مقصد کے تحت جناب کیشویندر جی کو دعوت دی گئی ہے۔ آپ 2008بیچ کے کیرل کیڈر کے آئی اے ایس ہیں۔ یہ آپ کو آپ کی تیاری کے سلسلے میں بہتر رہنمائی کر سکتے ہیں۔ ان کی باتوں کو غور سے سنیں اور اس پر پوری سنجیدگی سے عمل کریں۔
جناب کیشویندر نے طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سیتامڑھی کا رہنے والا ہوں اور سرکاری اسکولوں سے پڑھ کر ہی آئی اے ایس کی تیاری کی اور کامیاب ہوا، میں اپنے پریوار کا پہلا آئی اے ایس ہوں۔ یہ بہار کی خاصیت ہے کہ اس کی سرزمین پر خدا بخش خاں اور ان کے والد کی قائم کردہ لائبریری ہے جس کا دیش ہی نہیں غیر ممالک میں بھی بڑا مقام ہے۔ یہ لائبریری کا علم کا بڑا ذخیرہ ہے آپ لوگ اس سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ یہاں میں آپ کو ایک حقیقت سے آگاہ کرتا چلوں کہ سول کی کوچنگ بڑی خرچیلی ہے، ہر لڑکا اسے برداشت نہیں کرسکتا ہے۔ لیکن مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ صلاحیت آپ میں موجود ہے۔ آپ خود سے اس کی تیاری کریں۔ اس کے لئے سب سے پہلے آپ کو اچھی کتابوں کا انتخاب کرنا ہوگا اور ایمانداری سے اس کا مطالعہ کرنا ہوگا۔ اس کے لئے پوری ایمانداری سے اپنا میدان انتخاب کرنا ہوگا اور پوری ایمانداری سے اس کی تیاری کرنی ہوگی۔ جب آپ سو فیصد ایمانداری سے تیاری کریں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ آپ کامیاب نہ ہوسکیں۔ اپنے آپ کو کسی سے کم تر نہ سمجھیں اور امتحان دینے کے بعد خود مارکنگ کریں۔ انگریزی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اپنے نوٹ اپنے الفاظ میں تیار کریں۔ کوچنگ کے نوٹس تو لاکھوں لڑکوں کے پاس ہوتے ہیں، اگر اسی کو نقل کر دیا تو سب کا جواب یکساں ہوگا، پھر نمبر کیسے آپ کو ملے گا۔ یہ یاد رکھیں کیریر ایک ذریعہ ہے اصل مقصد سماج اور ملک کی خدمت کرنی ہے۔ جس دن یہ جذبہ پیدا ہوگا، وہی سے آپ کا راستہ کھلنا شروع ہو جائے گا۔
انھوں نے مختلف سلائڈس کے ذریعہ سول سروسز سے متعلق اہم باتیں ساجھا کیں۔اس موقع پر طلبا و طالبات نے پورے انہماک کے ساتھ اس لکچر کو سنا اور سوالات بھی کئے جن کے تشفی بخش جواب دئے گئے۔