Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Dec
نئی دہلی،2دسمبر:میونسپل کارپوریشن آف دہلی کے انتخابات کی تشہیر کا آج آخری دن ہے اور شام تک انتخابی مہم جوئی کا شور تھم جائے گا۔ ایسے میں مختلف پارٹیوں کے لیڈر اور امیدوار جمعہ کی شام تک ہی روڈ شو، پیدل یاترا اور جلسہ عام سمیت تمام طرح کی تشہیر کر سکیں گے۔خیال رہے کہ دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے 4 دسمبر کو صبح 8 بجے سے شام 5.30 بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔ کل 250 وارڈوں کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے نتائج 7 دسمبر کو جاری کئے جائیں گے۔ دراصل اس بار ایم سی ڈی کے وارڈوں کی تعداد کم کی گئی ہے۔ پہلے وارڈوں کی تعداد 272 تھی، جسے حد بندی کے بعد 250 کر دیا گیا ہے۔اس بار خواتین امیدواروں کی کل تعداد مردوں سے زیادہ ہے۔ دہلی ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق، اس بار کل 1349 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 382 آزاد ہیں۔ ان میں سے 250 وارڈز میں کونسلرز کے عہدوں کے لیے 709 خواتین اور 640 مرد امیدوار میدان میں ہیں۔واضح رہے کہ سابقہ 2017 کے ایم سی ڈی انتخابات میں بی جے پی نے 181 وارڈوں پر کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ عام آدمی پارٹی نے 48 اور کانگریس نے 30 وارڈوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔