Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 14 th Dec.
نئی دہلی،14دسمبر:دہلی کے دوارکا میں بدھ کی صبح ایک نابالغ طالبہ پر تیزاب سے حملہ کیا گیا۔ دہلی پولیس کے مطابق یہ واقعہ موہن گارڈن علاقے میں دوارکا موڑ کے قریب پیش آیا۔ 17 سالہ لڑکی اپنی چھوٹی بہن کے ساتھ جا رہی تھی۔ اچانک دو لڑکے موٹر سائیکل پر آئے اور تیزاب پھینک کر بھاگ گئے۔ اس وقت متاثرہ کا صفدر جنگ اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ انہیں صبح نو بجے کے قریب پی سی آر پر واقعہ کی اطلاع ملی۔متاثرہ کی بہن نے دو جاننے والوں پر شک ظاہر کیا ہے۔ پولیس نے ان میں سے ایک کو حراست میں لے لیا ہے اور دوسرے کی تلاش جاری ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر دہلی کمیشن برائے خواتین نے پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ڈی سی ڈبلیو چیف سواتی مالیوال نے ٹویٹ کیا کہ متاثرہ کی مدد کے لیے ایک ٹیم کو اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ تیزاب کے حوالے سے حکومتوں کے ڈھیلے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے مالیوال نے کہا کہ کمیشن ملک میں تیزاب پر پابندی کے لیے برسوں سے لڑ رہا ہے۔ حکومتیں کب جاگیں گی؟دہلی پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صبح 9 بجے کے قریب ایک پی سی آر کال موصول ہوئی تھی جس میں تھانہ موہن گارڈن علاقے میں ایک لڑکی پر تیزاب پھینکے جانے کے واقعہ کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ بتایا گیا کہ ایک 17 سالہ لڑکی پر مبینہ طور پر دو موٹر سائیکل سواروں نے صبح تقریباً 7:30 بجے تیزاب جیسی چیز کا استعمال کرتے ہوئے حملہ کیا۔رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس نے کہا کہ واقعہ کے وقت لڑکی اپنی چھوٹی بہن کے ساتھ تھی۔ اس نے اپنے جاننے والے دو لوگوں پر شکوک و شبہات ظاہر کیے ہیں۔ ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ لڑکی کو صفدر جنگ اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ دہلی پولیس کے اہلکار بھی اسپتال پہنچ رہے ہیں۔