سعودی عرب نے پاکستان کو 3 بلین ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کر دی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Dec

ریاض،2دسمبر: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (SFD) نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔یاد رہے کہ ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو فراہم کی جانے والی حمایت کا تسلسل ہے۔ڈپازٹ کا مقصد بینک میں غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کو بڑھانا اور COVID-19 جیسی وبائی امراض کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی اثرات کا سامنا کرنے میں پاکستان کی مدد کرنا ہے۔ نیز بیرونی شعبوں کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور ملک کے لیے پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔واضح رہے کہ شاہی ہدایات پر عمل در آمد کرتے ہوئے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کی عکاسی کرتے ہوئے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (SFD) کے ذریعے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ گزشتہ سال نومبر 2021 میں 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔