Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19th Dec.
لندن ، 19 دسمبر:فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹینا نے دفاعی چمپئن فرانس کو شکست دے کر یورپ کی 16 سالہ اجارہ داری ختم کردی۔فٹ بال ورلڈکپ کا ٹائٹل 2002 کے بعد پہلی بار جنوبی امریکہ پہنچ گیا، یوں لیونل میسی کا اپنی زندگی میں فیفا ورلڈکپ جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ ارجنٹائن نے فرانس کو پنالٹی ککس پر شکست دی اور تیسری بار ورلڈکپ اپنے نام کرلیا۔واضح رہے کہ برازیل فیفا ورلڈکپ 2002 میں جرمنی کو شکست دے کر ٹائٹل جیتنے والی آخری جنوبی امریکی ٹیم تھی۔اس کے بعد 2006 میں اٹلی، 2010 میں اسپین، 2014 میں جرمنی اور 2018 میں فرانس نے ورلڈکپ فائٹل جیتے ہیں۔خیال رہے کہ لوسیل اسٹیڈیم وہی اسٹیڈیم تھا، جہاں گروپ میچز کے دوران سعودی عرب نے ارجنٹائن کو تاریخی شکست دی تھی۔لیونل میسی اور ایم باپے پورے میچ کے دوران چھائے رہے، میسی نے اپنی ٹیم کی طرف سے 2 جبکہ ایم باپے نے ہیٹ ٹرک کی۔فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون بھی ٹیم کی سپورٹ کے لیے اسٹیڈیم آئے تھے، وہ اپنی ٹیم کے ہر گول پر خوشی کا اظہار کرتے تھے۔انہوں نے ارجنٹینا سے شکست کے بعد گراؤنڈ میں آکر اپنے کھلاڑیوں کو گلے بھی لگایا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔