Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 14 th Dec.
دوحہ، 14دسمبر:فیفا ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی مراکش ٹیم کے اسٹار فٹ بالر حکیم زیاش نے ایونٹ کے دوران ملنے والے 3 لاکھ 25 ہزار ڈالرز غریب لوگوں میں بانٹ دیئے۔مراکش سے تعلق رکھنے والے ایک مصنف خالد بیدون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وارٹوئٹس میں لکھا ہے کہ حکیم زیاش 2015 سے مراکش کے لیے فٹ بال کھیل رہے ہیں لیکن انہوں نے ایک روپیہ بھی نہیں لیا ہے۔خالد بیدون کا کہنا ہے کہ حکیم زیاش اپنی تنخواہ آبائی علاقے مراکش کے غریب لوگوں اور اپنی ٹیم کے عملے میں تقسیم کر دیتے ہیں۔واضح رہے کہ مراکش پرتگال کو ہرا کر فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب اور افریقی ٹیم ہے۔فرانس اور مراکش کے درمیان سیمی فائنل آج15 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔