Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 6 th Dec.
نئی دہلی ،5دسمبر: ہندوستانی بلے باز رشبھ پنت کو بنگلہ دیش کے خلاف میرپور ون ڈے سے ٹھیک پہلے ٹیم انڈیا سے ریلیز کیا گیا تھا۔ پنت نے ٹیم کیوں چھوڑی؟ اس بارے میں بی سی سی آئی کی جانب سے کوئی واضح معلومات نہیں دی گئی۔ بس، یہ بتایا گیا کہ میڈیکل ٹیم کے مشورے کے بعد پنت بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں نہیں کھیلیں گے۔ ٹیم سے ان کی اچانک رخصتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پنت اپنی فارم کی وجہ سے مسلسل تنقید کی زد میں ہیں، اور محدود اوورز کی ٹیم میں ان کی جگہ سوالیہ نشان ہے۔ تاہم اس سب کے درمیان دنیش کارتک نے پنت کا دفاع کیا ہے۔بنگلہ دیش سیریز سے قبل معروف ہندوستانی کرکٹ ویب سا ئٹ ’’کرک بز‘‘ سے بات کرتے ہوئے کارتک نے ناقدین پر زور دیا کہ وہ ون ڈے ٹیم میں پنت کی جگہ کے بارے میں ان کے ریکارڈ یا ٹی 20 فارمیٹ میں حالیہ فارم کی بنیاد پر فیصلہ نہ کریں۔ کارتک نے کہا کہ پنت کا ریکارڈ ون ڈے میں بھی برا نہیں ہے۔ ایسے میں ان پر تنقید کرنا درست نہیں۔کارتک نے کہاکہ ہمیں T20 اور ODI کو الگ الگ دیکھنا چاہیے۔ ون ڈے کی آخری 10 اننگز میں پنت کی اوسط 45 سے زیادہ ہے۔ اسی سال انہوں نے انگلینڈ کیخلاف سنچری کھیل کر ہندوستان کے لیے میچ جیتا تھا۔ اس نے اپنے لیے بہت اچھا کیا ہے اور جب کوئی اپنے لیے اتنا اچھا کرتا ہے تو آپ ٹی ٹوئنٹی میں اس کی کارکردگی دیکھ کر اسے ون ڈے ٹیم سے ڈراپ نہیں کر سکتے۔