Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8 th Dec.
دربھنگہ(فضا امام) 7 دسمبر:- محکمہ صحت میں نوکری کے بہانے دھوکہ دہی کرنے والے ایک ملزم کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔نوکری دلانے کے نام پر لوگوں سے لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی کرنے والے منظم گروہ کا پولس نے پردہ فاش کیا ہے۔صدر کے ایس ڈی پی او امیت کمار نے بتایا کہ محکمہ صحت میں نوکری دلانے کے نام پر لوگوں سے دھوکہ دہی کی شکایات مسلسل موصول ہو رہی ہیں۔ ٹیم تشکیل دے کر ٹھگی گینگ کے ممبر راہل کمار کو گرفتار کر کے گینگ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کر رہی ہے۔ امیت کمار نے بتایا کہ او پی انچارج سرور عالم نے گزشتہ منگل کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دربھنگہ میڈیکل کالج کے پوسٹ مارٹم ہاؤس کے احاطے سے گینگ میں شامل ایک نوجوان کو پکڑا۔ جس کی شناخت بہادر پور تھانہ علاقہ کے تحت اوجھول کے رہنے والے راہل کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے پاس سے کئی کاغذات اور مہریں برآمد ہوئی ہیں۔پوچھ تاچھ کے دوران پتہ چلا کہ گینگ کے روابط اتر پردیش سے جڑے ہوئے ہیں۔ پولیس گروہ کے سرغنہ کی تلاش کر رہی ہے۔پوچھ تاچھ کے دوران راہل نے نوکری دینے کے نام پر لاکھوں کی دھوکہ دہی کی بات قبول کی ہے۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ ڈی ایم سی ایچ کے ہاسٹل میں میس چلاتا ہے۔ وہاں اس کی ملاقات پرویش کمار سنگھ نامی نوجوان سے ہوئی۔ پرویش نے بتایا کہ وہ اتر پردیش کا رہنے والا ہے۔ راہل نے بتایا کہ لاکھوں کمانے کے لالچ میں وہ ان کے گینگ میں شامل ہو گیا۔ بیٹا چوک کے رجنیش کمار کے علاوہ کئی اور لوگوں سے نوکری دلانے کے نام پر پیسے لیے۔انہوں نے مزید بتایا کہ راہل کے ہاتھ میں آنے کے بعد پولس پرویش کمار سنگھ اور گینگ کے دیگر ٹھگوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔