Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 4 th Dec.
کولکاتہ،03 دسمبر:مغربی بنگال کے پوربا مدناپور ضلع میں ٹی ایم سی کے سینئرلیڈر ابھیشیک بنرجی کی مجوزہ ریلی کے پنڈال کے قریب ایک دھماکے میں کم ازکم دو افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ یہ حادثہ بھوپتی نگر علاقے میں پیش آیا جو کونٹائی قصبے سے صرف ڈیڑھ کلومیٹر دور ہے جہاں ٹی ایم سی کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی ایک جلسہ عام سے خطاب کرنے والے تھے۔ یہ دھماکہ تقریبا گیارہ بجکر 15 منٹ پر ہو ا۔ ہفتے کی صبح دو لاشوں کو نکالا گیا اور کچھ دیگر اس حادثے میں زخمی ہیں۔ دھماکے کی وجہ پتہ نہیں چل پائی ہے۔ اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے لیکن یہ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ مٹی کے گھروں کے پرخچے اڑ گئے۔کنٹین سب ڈویژن کے سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ نمونے کو جمع کرنے کیلئے ایک فارنسک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی ہے۔ بی جے پی کے قومی نائب صدر دلیپ گھوش نے ٹی ایم سی کو اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور کہا ہے کہ ریاست میں بم سازی کی صنعت پھل پھول رہی ہے۔ سی پی آئی کے سینئر لیڈر سجان چکرورتی نے سوال کیا کہ وزیراعلی ممتابنرجی اس طرح کے واقعات پر کیوں خاموش ہیں۔ انہوں نے اس پر بیان جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔