Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 21st Dec.
پٹنہ،21دسمبر: پٹنہ یونیورسیٹی کے شعبہ عربی کے استاذ ڈاکٹر محمد ہاشم رضا نے یہ اطلاع دی ہے کہ مورخہ ۲۰؍ دسمبر ۲۰۲۲ء بروز منگل شعبہ عربی کے وسیع و عریض ہال میں ’’ یوم عربی‘‘ کے نام سے ایک پروگرام منعقد ہوا۔ جس میں مختلف یونیورسیٹیوں کے پروفیسرز شعبہ عربی کی دعوت پر تشریف لائے۔
ناظم پروگرام ڈاکٹر سیف اللہ مکی نے شعبہ عربی کے ایک ہونہار طالب علم احسان انور کی تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز کیا ، نعتیہ کلام کے لیے مجھے دعوت دی گئی اس کے بعد ناظم پروگرام نے تمام مہمانوں کا پرتپاک خیر مقدم کے ساتھ شکریہ ادا کیا، پھولوں کے گلدستوں سے تمام مہمانوں کی تکریم کی گئی اس کے بعد ناظم پروگرام نے مختصر اندا ز میں پروگرام کی مناسبت سے سامعین سے خطاب کیا اور واضح کیا کہ آج ہم جو عربک ڈے منا رہے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ اقوام متحدہ نے عربی زبان کی اہمیت اور مقبولیت کو دیکھتے ہوئے سابقہ پانچ تسلیم شدہ زبانوں کے ساتھ عربی زبان کو چھٹی زبان کی حیثیت سے اپنے یہاں آفشیلی زبان کے طور پر تسلیم کر لیا۔لیکن پوری دنیا میں ۱۸؍ دسمبر ۲۰۱۲ء کو پہلی مرتبہ اسے عربی ڈے کے طور پر منایا گیا جس کی وجہ سے اب ہر سال عربی ڈے منایا جا تا ہے۔ اس کے بعد مولانا مظہر الحق عربی فارسی یونیورسیٹی سے تشریف لائے دو مہمانان ڈاکٹر انوار لحسن اور ڈاکٹر محفوظ الرحمن نے عربی زبان و ادب کی اہمیت و افادیت پر مختصر روشنی ڈالی۔شعبہ عربی پٹنہ کالج کے استاذ ڈاکٹر سلیم اختر نے عربی کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے فرما یا کہ یہ صرف قرآن کی زبان ہی نہیں بلکہ اب بین الاقوامی تجارتی زبان بھی ہے۔ڈاکٹر مسعود عالم کاظمی سابق صدر شعبہ عربی نے بھی مختصر خطاب فرمایا اس کے بعد کلیدی خطبہ کے لیے عالمی شہرت یافتہ مقرر ڈاکٹر سید شاہ شمیم الدین احمد منعمی اسٹیج پر جلوہ افروز ہوئے آ پ کی تقریر کچھ الگ اندازمیں ہوتی ہے جہاں بھی تقریر کرتے ہیں سامعین کے دل کو اپنی طرف مائل کر لیتے ہیں ۔ آپ نے زمانہ جاہلیت سے لے کر عصر حاضر میں ہندوستان کا عرب ممالک سے ثقافتی اور تجارتی تعلقات کو اس قدر مضبوط دلائل سے واضح کیا کہ سامعین تعجب کرنے لگے گویا کہ انہیں آج کوئی نئی بات معلوم ہوئی۔مہمان اعزازی کے طور پر ڈاکٹر سید شاہ تقی الدین فردوسی نے اپنی ۵۰ سالہ تدریسی خدمات کے تجربات کو عزیز طلبہ اور مہمانوں سے شیئر کیا ۔نالندہ اوپن یونیورسیٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر حبیب الرحمن اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود تشریف لائے اور مختصر اً خطاب فرمایا۔
مہمان خصوصی کے طورپر تشریف لائے سابق صدر شعبہ ٔ عربی پٹنہ یورنیورسیٹی اور وائس چانسلر مولانا مظہر الحق عربی و فارسی یورنیوسیٹی پروفیسر شمس الضحیٰ نے عزیز طلبہ اور مہمانان کے سامنے اپنے بیش قیمت خیالات کا اظہار کیا، اس کے بعد صدارتی خطبہ کے لیے ڈاکٹر سرور عالم ندوی ، صدر شعبہ عربی پٹنہ یونیورسیٹی تشریف لائے اور آپ مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طلبہ سے خطاب فرمایا اور کہا کہ آپ اپنا گھر بار چھوڑکر صرف ڈگری حاصل کرنے کے لیے مت پڑھیں بلکہ مضبوط حوصلہ اور ارادہ کے ساتھ عربی زبان میں صلاحیت پیدا کریں پھر آپ دیکھیں گے کہ دنیا آپ کے قدم کوکیسے چومتی ہے۔کنوینر کی حیثیت سے میں (ڈاکٹر محمد ہاشم رضا) نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اسکے بعد ناظم نے پروگرام کے اختتام کا اعلان کر دیا۔