Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Dec
بیجنگ،2دسمبر: پینٹاگان کی ایک رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ چین کے پاس اب 400 سے زیادہ جوہری بم ہیں، جو صرف دو سال میں اپنے جوہری ہتھیاروں کو تقریباً دوگنا کر چکا ہے، جب کہ اس کی فوج کی جانب سے خطے میں خاص طور پر تائیوان میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف “غیر محفوظ” اور “غیر پیشہ ورانہ” فوجی رویے میں اضافہ ہواہے۔منگل کو جاری ہونے والی کانگریس کے لیے پینٹاگان کی سالانہ رپورٹ”چائنا ملٹری پاور” کے مطابق، چین کی جوہری توسیع کی تیز رفتار بیجنگ کو 2035 تک تقریباً 1500 وار ہیڈز ذخیرہ کرنے کے قابل بنا سکتی ہے۔امریکہ کے جوہری ذخیرے کے مقابلے میں، جس میں ایک اندازے کے مطابق 3800 بم فعال حالت میں ہیں، چین اب بھی بہت پیچھے ہے ۔رپورٹ کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی راکٹ فورس (PLARF) نے 2021 میں تقریباً 135 بیلسٹک میزائل، آزمائش اورٹریننگ کے لیے لانچ کیے تھے، “جوتنازعہ والے علاقوں میں بیلسٹک میزائلوں کی تعیناتی کو چھوڑ کر، باقی دنیا کی مشترکہ تعداد سے زیادہ ہے، “رپورٹ کے مطابق، اس نے تین بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) سائلو فیلڈز کی تعمیر بھی جاری رکھی، جس میں کم از کم 300 نئے ICBM سائلوز ہوں گے۔سینئر دفاعی اہل کاروں کے مطابق پینٹاگان کی رپورٹ چین کی ان عسکری صلاحیتوں کے بارے میں معلومات پر مبنی تھی جو دسمبر 2021 تک اکٹھی کی گئی تھیں۔ لیکن اس میں 2022 کے کچھ اہم واقعات کا بھی ذکر کیا گیا تھا، جن میں یوکرین میں روس کی جنگ اور نینسی پیلوسی کا اگست میں تائیوان کا دورہ شامل تھا۔فاؤنڈیشن فار ڈیفنس آف ڈیموکریسیز میں ملٹری اینڈ پولیٹیکل پاور سینٹر کے سینئر ڈائریکٹر بریڈلی بومن نے کہا کہ چینی میزائلوں کی “تعداد اور معیار” خاص طور پر تشویشناک ہے۔