گوتم گمبھیر پرتھوی شا کوٹیم میں واپس لانے کے حامی، کہا انہیں موقع دیں

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 31st Dec.

نئی دہلی ، 31دسمبر: T20 ورلڈ کپ (2022) ہارنے کے بعدہندوستانی ٹیم میں تبدیلی کے مسلسل مطالبات کیے جا رہے ہیں۔ سری لنکا کیخلاف کھیلی جانے والی ہوم سیریز کے لیے ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ہاردک پانڈیا کو ٹیم کی کمان سونپی گئی ہے اور کئی نوجوان کھلاڑیوں کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اب سابق ہندوستانی کھلاڑی گوتم گمبھیر نے اس اسٹار کھلاڑی کو ہندوستانی ٹیم میں واپس لانے کی درخواست کی ہے۔گوتم گمبھیر نے 23 سالہ اسٹار بلے باز پرتھوی شا کے بارے میں بات کی۔ا سٹار اسپورٹس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور سلیکٹرز کو چاہیے کہ وہ پرتھوی شا کو درست سمت پر لائیں، انہیں خود کو بہتر بنانے اور ٹیم میں لانے کے لیے کچھ مواقع فراہم کریں۔سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ایشان کشن، رتوراج گائیکواڑ، شوبھ من گل اور دیپک ہڈا جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو ہندوستانی ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا ،تاہم پرتھوی شا کو اس ٹیم سے دور رکھا گیا ہے۔پرتھوی شا ہندوستان کے لیے تینوں فارمیٹ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ 25 جولائی 2021 کو کولمبو میں سری لنکا کے خلاف کھیلا۔ پرتھوی شا نے اب تک ہندوستانی ٹیم کے لیے کل 5 ٹیسٹ میچ، 6 ون ڈے اور ایک ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلا ہے۔9 ٹیسٹ اننگز میں انہوں نے 42.37 کی اوسط سے 339 رنز بنائے ہیں۔انہوں نے 31.50 کی اوسط سے 189 رنز بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے واحد T20 انٹرنیشنل میچ میں انہوں نے صرف ایک گیند کھیلی ہے۔پرتھوی شا نے آئی پی ایل میں اب تک کل 63 میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 25.21 کی اوسط اور 147.45 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1588 رنز بنائے ہیں۔پرتھوی شا ٹی ٹوئنٹی میں کافی جارحانہ فارم میں نظر آ رہے ہیں۔