Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 29th Dec.
ممبئی ، 29دسمبر : ممبئی انڈینز آئی پی ایل کی تاریخ کی کامیاب ٹیم ہے۔ وہیں اس ٹیم کے کپتان روہت شرما ہیں۔ دراصل روہت شرما 2011 سے ممبئی انڈینز سے وابستہ ہیں۔ اس سے پہلے روہت شرما دکن چارجرز کا حصہ تھے۔ بہر حال روہت شرما آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس معاملہ میں روہت شرما نے آئی پی ایل میں سابق کپتان اور چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ روہت شرما اب تک آئی پی ایل سے 178.6 کروڑ روپے کما چکے ہیں۔آئی پی ایل کی 16 سال کی تاریخ میں ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے کل 178.6 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ وہیں مہندر سنگھ دھونی نے آئی پی ایل کی 16 سالہ تاریخ میں 176.84 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ اس کے علاوہ وراٹ کوہلی اور سریش رینا کا نام اس فہرست میں شامل ہے۔ کوہلی اب تک آئی پی ایل میں 173.2 کروڑ روپے کما چکے ہیں۔ جبکہ چنئی سپر کنگز کے سابق کھلاڑی سریش رینا چوتھے نمبر پر ہیں۔ سریش رینا نے 14 سالوں میں لیگ سے 110.7 کروڑ روپے کمائے ہیں۔دراصل 2008 میں آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں دکن چارجرز نے روہت شرما کو 3 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ اس کے بعد روہت شرما کو اگلے دو سیزن کی تنخواہ کے طور پر 3-3 کروڑ روپے ملے ،لیکن سال 2011 میں ممبئی انڈینز نے روہت شرما کو 9.2 کروڑ میں خرید لیا۔ اس کے علاوہ ممبئی انڈینز نے روہت شرما کو سال 2014 میں 12.5 کروڑ میں برقرار رکھا تھا، جبکہ ممبئی انڈینز نے روہت شرما کو سال 2018 میں 15 کروڑ روپے میں برقرار رکھا تھا۔ نیز آئی پی ایل 2022 کی نیلامی سے پہلے ممبئی انڈینز نے روہت شرما کو 16 کروڑ روپے میں برقرار رکھا تھا۔