اردو صحافت کے خصوصی گوشہ کے ساتھ اردو جرنل کے تازہ شمارہ کا اجرا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8 th Dec.

شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی سے شایع ہونے والا ریسرچ جرنل یونیورسٹی کا اہم ترین جریدہ ہے ،اس کی ترقی ،معیار اور شہرت کو محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار پٹنہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر گریش کمار چودھری نے اردو جرنل کے تازہ شمارے کی رسم اجرا انجام دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے شعبۂ اردو کے صدر ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی سے جرنل کے معیار میں اضافہ کے لئے اسے بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کی گزارش کی اور کہا کہ اس کے داارتی بورڈ میں دیگر ممالک کے اردو دانشوروں کو بھی شامل کرنے کی کوشش کی جائے۔واضح ہو کہ شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی سے گذشتہ بارہ سال سے شایع ہونے والے سالانہ تحقیقی جریدہ ’اردو جرنل ‘ کے تازہ شمارے کی رسم اجرا انجام دی گئی جس میں وائس چانسلر پٹنہ یونیورسٹی کے علاوہ جرنل کے مدیر ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی،آئی کیو اے سی کے ڈائرکٹر پروفیسر بریندر پرساد،شعبہ ٔ اردو مگدھ مہیلا کالج کے صدر ڈاکٹر سورج دیو سنگھ اور صدرشعبۂ اردد پٹنہ کالج ڈاکٹر بالمیکی رام نے شرکت کی۔پروفیسر بریندر پرساد نے جرنل کے تازہ شمارے کا استقبال کرتے ہوئے اس کی یوجی سی کیئرلسٹ میں شمولیت کو ایک اہم قدم بتایا اور دوسرے شعبوں کو بھی اپنے جرنل کی اشاعت اور یوجی سی سے منظور کروانے کی ترغیب دی۔
اردو جرنل کے مدیر اور صدر شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی نے بتایا کہ اردو جرنل کا تازہ شمارہ اردو صحافت کے خصوصی گوشے کے ساتھ شایع ہواہے ۔جبکہ ایک مختصر گوشہ آزادی کے امرت مہوتسو میں شرکت کی علامت کے طور پر بھی محفوظ کیا گیاہے۔طلبہ اساتذہ اور ریسرچ اسکالرز کے لئے مختلف تحقیقی و تنقیدی مضامین بھی اس شمارے کی زنیت ہیں۔تقریباً تین سو صفحات پر مشتمل یہ شمارہ اس لئے بھی خاص ہے کہ اب اردو جرنل کو یوجی سی کی منظورشدہ کیئر لسٹ میں بھی شامل کرلیا گیاہے،لہذا اس کی اہمیت خصوصی طور پر اردو اساتذہ اور ریسرچ اسکالرز کے لئے بہت زیادہ ہے۔قارئین اس شمارے سے شعبۂ اردو کی سرگرمیوں سے بھی تصاویر کے ساتھ واقف ہو سکتے ہیں۔اسے شعبہ ٔ اردو کے دفتر سے تین سو روپے میں حاصل کیا جاسکتاہے۔