البرکات علی گڑھ میں 14ویں تقریبات سیرت النبیﷺ بحسن و خوبی اختتام پذیر

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 14 th Dec.

(علی گڑھ 14 ضیاء الرحمن امجدی)البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی علی گڑھ کی البرکات سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام البرکات پبلک اسکول میں 9 دسمبر سے 14 دسمبر 2022 تک 14 ویں تقریبات سیرت النبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا، 
جس میں قراءت، نعت، تقریر اور مضمون نگاری کے مسابقے شامل تھے، 9 دسمبر کو افتتاحی پروگرام منعقد ہوا، جس کی صدارت حضور رفیق ملت سید نجیب حیدر نوری سجادہ نشین خانقاہ برکاتیہ مارہرہ شریف نے فرمائی، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر بدرالدجی صاحب شعبہ معالجات اے ایم یو نے شرکت کی اور طلبہ سے سیرت پاک کی اہمیت و معنویت کے حوالے سے مفید گفتگو کی
ان پروگرامز میں علی گڑھ کے 27 اسکول اور 7 مدارس اسلامیہ کے تقریباً چار سو طلبہ وطالبات نے شرکت کی، جس میں 116 طلبہ و طالبات اول، دوم، سوم اور تشجیعی انعامات، انعامی رقم اور سرٹیفکیٹ سے سرفراز کیے گئے،
بروز بدھ، 14 دسمبر کو البرکات سیرت کمیٹی کی جانب سے تقسیم انعامات کا پروگرام منعقد کیا گیا، جس کی صدارت حضور امین ملت سید محمد امین میاں قادری سجادہ نشین خانقاہ برکاتیہ مارہرہ شریف نے فرمائی، 
ڈاکٹر احمد مجتبٰی صدیقی جوائنٹ سیکریٹری البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی علی گڑھ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سیرت پروگرامز کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کیا، پھر آئے ہوئے تمام مہمانان خصوصی کا شکریہ ادا کیا، اور بتایا کہ آج اگر ہم اس دور میں فلاح اور بقا چاہتے ہیں تو سرور دوعالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا وفا دار ہونا چاہیے، 
البرکات میں منعقد کیے جانے والے سیرت پروگرامز کے ذریعے ہم چاہتے ہیں کہ یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ کے دلوں میں محبت مصطفےٰ کا چراغ روشن ہو، 
میں تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے بھی ان تقریبات میں شرکت کی اور کامیابی سے ہمکنار ہوئے،
مقرر خصوصی کی حیثیت سے مولانا نعمان احمد ازہری نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم جو سیرت کے پروگرامز منعقد کرتے ہیں اس کا مقصد یہی ہے کہ ہم اس کے ذریعے اپنے بچوں کے دلوں میں عشقِ مصطفےٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کو داخل کریں، مصطفےٰ جان رحمت ﷺ کی سیرت کو پڑھنا تمام مسلمانوں پر ضروری ہے، تاکہ اس کی روشنی میں اپنی زندگی کو کامیاب بنا سکیں،
تاج المشائخ حضور آمین ملت سید محمد امین میاں دامت برکاتہم العالیہ نے خطبہ صدارت پیش فرماتے ہوئے کہا کہ وہ ہر عالم کی رحمت ہیں کسی عالم میں رہ جاتے، یہ ان کی مہربانی ہے کہ یہ عالم پسند آیا، پھر آپ نے تمام طلباء و طالبات کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں کیں،
سید محمد امان قادری ڈائریکٹر البرکات اسلامک ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ نے حاضرین کی جناب میں ہدیہ تشکر پیش فرمایا، ان پروگرامز میں شامل تمام اسکول، مدارس اور تمام شرکاء کا بالخصوص شکریہ ادا کیا،
صلات وسلام اور صدر محترم کی دعاؤں پر محفل اختتام پذیر ہوئی،
اس موقع پر جناب اکبر قادری برکاتی، ڈاکٹر سلمان رضا علیمی، مولانا سید نور عالم مصباحی، مولانا ضیاء الرحمن امجدی، مولانا غلام مرسلین اشرفی ،مولانا ساغر جمیل ،مولانا سید اوصاف علی مجددی اور البرکات پبلک اسکول کی پرنسپل، نائب پرنسپل اور دیگر ذمہ داران، البرکات اسلامک ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے علما علی گڑھ مدارس کے اساتذۂ کرام خصوصیت کے ساتھ موجود رہے