الحراء اسکول، شریف کالونی میں گارجین اساتذہ میٹنگ (PTM)بحسن وخوبی اختتام پزیر

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 31st Dec.

پٹنہ، 31 دسمبر (پریس ریلیز)۔ الحراء پبلک اسکول، شریف کالونی، پٹنہ کے ڈائرکٹر جناب محمد انور نے اخباری بیان جاری کرکے اطلاع دی ہے کہ اسکول ہذا میں دو روزہ گارجین اساتذہ میٹنگ آج بحسن وخوبی اختتام پزیر ہوئی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 29 دسمبر 2022 جمعرات کو درجہ نرسری تا درجہ پنجم کے طلبہ وطالبات کے گارجین حضرات کے ساتھ اساتذہ کرام کی میٹنگ ہوئی۔ جب کہ آج درجہ ششم تا ہشتم کے طلبہ وطالبات کے گارجین کو مدعو کیا گیاہے۔ اساتذہ کرام نے بڑے کریمانہ انداز میں گارجین حضرات سے ان کے بچوں کی تعلیم وتدریس کے متعلق تبادلہ خیال کیا اور بچوں کی تعلیمی کمزوری اور خوبیوں سے متعلق گارجین کو مطلع کیا تاکہ بچے اپنی اصلاح فرمالیں اور حوصلہ مندی کے ساتھ فروری میں منعقد ہونے والے سالانہ امتحان میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ اس میٹنگ میں اساتذہ نے ویکلی ٹسٹ کے نمبرات، بچوں کی اسکول حاضری، فیئر کاپی اور ڈائری کو ہفتہ وار دیکھنے کی گارجین سے تاکیدی اپیل کی۔ تاکہ بچوں کی تعلیمی واخلاقی سرگرمیاں مشاہدے میں آتی رہیں اور نتیجتاً بچوں کا تعلیمی کیریئر بہتر سے بہتر ہو۔ ڈائرکٹر موصوف نے میٹنگ کے خوشگوار ماحول میں اختتام پزیر ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ منتظمین اور اساتذہ کرام کی محنتوں کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ آئندہ کی پڑھائی کو بہتر سے بہتر بنائیں تاکہ ہمارے بچے اسکول کے امتحان کے ساتھ ساتھ مسابقاتی امتحانوں میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کرسکیں اور اخلاقی گراوٹ کے اس دور میں ہمارے طلبہ وطالبات دیگر غیر مناسب دلچسپیوں پر اپنا قیمتی وقت ضائع نہ کریں تاکہ قوم وملت کے یہ بچے اعلیٰ اخلاقی قدروں سے بھی متصف رہیں اور ہمارے لیے صدقہ جاریہ بنیں۔ ڈائرکٹر موصوف نے گارجین حضرات سے ملاقات کرکے ان کی شکایتوں کو نہایت دلچسپی کے ساتھ سنا اور ازالے کی حتی المقدور کوشش کی۔ زیادہ تر گارجین حضرات نے اسکول کی تدریسی وغیر تدریسی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ یہ اسکول بہار کا ایک مثالی اسکول بن گیا ہے جہاں بچوں کی عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اسلامی نہج پر بھی تربیت کی جاتی ہے۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں طلبہ وطالبات اور گارجین حضرات نے شرکت کی۔