آشون اور ایئر نے 90 سالہ قدیم تاریخ دہرائی،جانیں 1932 میں کیا ہوا تھا!

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 27rd Dec.

نئی دہلی، 26دسمبر ( آئی این ایس انڈیا ) میرپور ٹیسٹ کے چوتھے دن روی چندرن اشون اور شریاس ایئر نے ہندوستان کو یادگار فتح دلائی۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں دونوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے 71 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کرکے ہندوستان کو 3 وکٹوں سے جیت دلائی۔ بھارت نے 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز 2-0 سے جیت لی۔ اس دوران آشون اور شریس نے 90 سال بعد ہندوستان کی پرانی ٹیسٹ تاریخ بھی دہرائی۔ خیال رہے کہ میرپور ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے ایک وقت میں 74 رنز پر اپنی 7 وکٹیں گنوا دی تھیں۔ اس کے بعد نظریں آر اشون اور شریس ایئر پر جمی تھیں۔ ٹیم انڈیا کو مشکلات سے نکالنے کی ذمہ داری دونوں پر تھی، تاہم اشون اور شریس ایئر نے ہندوستانی شائقین کو مایوس نہیں کیا اور انہوں نے شاندار اننگز کھیل کر نہ صرف ٹیم کو شکست سے بچایا بلکہ سیریز میں کلین سویپ کا ذائقہ بھی چکھایا۔ دونوں نے 8ویں وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت داری کی۔ ہندوستانی ٹیسٹ کی تاریخ میں چوتھی اننگز میں آٹھویں وکٹ کے لیے یہ دوسری بہترین شراکت ہے۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر کپل دیو اور ایل شیورام کرشنن کی جوڑی ہے۔ دونوں نے 1985 میں کولمبو ٹیسٹ میچ میں میزبان سری لنکا کیخلاف 70 رنز جوڑے تھے۔اس سے قبل سال 1932 میں ہندوستان نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کیخلاف لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلا تھا۔ پھر انڈیا کی جانب سے چوتھی اننگز میں لال سنگھ اور امر سنگھ کی جوڑی نے آٹھویں وکٹ کے لیے 74 رنز جوڑے تھے۔ اس ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کی پہلی اننگز 189 رن پر سمٹ گئی تھی، جبکہ دوسری اننگز میں ٹیم انڈیا 187 رن پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 259 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز پر ڈیکلیئر کر دی گئی تھی۔ تاہم اس ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 158 رنز سے شکست ہوئی،لیکن میرپور میں ہونے والے ٹیسٹ کا نتیجہ انڈیا کے حق میں رہا۔ 145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کی۔ اشون نے 62 گیندوں پر ناقابل شکست 42 رنز بنائے ،جبکہ شریس ایئر 46 گیندوں پر 29 رنز بنانے کے بعدناٹ آؤٹ لوٹے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے ایک قدم قریب آگئی ہے۔