اکابر کی روشن تاریخ کو سامنے رکھئے: صدر جمعیۃ علماء جون پور

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Dec

حالات جیسے بھی ہوں،مضبوطی سے دین پر قائم رہناہے:مولانامحمداسعدالحسینی
جامعہ حسینیہ جون پور کے اساتذہ اور اکابر علماء کی جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ میں تشریف آوری
(پٹنہ،پریس ریلیز)
اپنے اوقات کو لایعنی چیزوں میں ضائع مت کیجئے، لہو و لعب سے بچئے، آپ طالب علم ہیں ، آپ کا مقام و مرتبہ بہت بلند ہے، اساتذہ کرام اور انتظامیہ آپ کیلئے سوچتے ہیں، آپ کی ضرورتوں کا خیال رکھنے کے لئے محنت و مشقت اٹھاتے ہیں، آپ پر کوئی ذمہ داری نہیں ڈالی جاتی ہے تاکہ آپ محنت سے پڑھیں، یقین جانئے اگر آپ محنت کریں گے تو آپ شیخ الہند بن سکتے ہیں، شیخ الاسلام بن سکتے ہیں، قاضی مجاہد الاسلام قاسمی بن سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء جون پور کے صدر محترم جناب مولانا توقیر احمد قاسمی، استاذ جامعہ حسینیہ لال دروازہ جون پور نے جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، واضح رہے کہ جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ دار العلوم دیوبند کے نہج پر قائم ریاست بہار کا بہت ہی مشہور ومعروف، دینی، علمی، مرکزی اور اقامتی ادارہ ہے،1989 میں اس کا قیام عمل میں آیا، اور 1990 میںبھاگلپور کے فسادزدہ مظلومین کے چار بچوں سے بانی جامعہ حضرت مولانا قاسم ؒ صاحب نے تعلیم کا آغاز و افتتاح فرمایا، اور بہت ہی قلیل عرصہ میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا، اس وقت حفظ، دینیات، ابتدائی عربی سے عربی ششم کی تعلیم ہوتی ہے، قدیم اور محنتی اساتذہ ان کی خدمات اور تعلیم و تربیت پر مامور ہیں، جامعہ کے قیام کے اول دن سے ملک کے موقر اداروں کے اساتذہ کرام،اور اکابر علماء کرام کی تشریف آوری جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ میں ہوتی رہتی ہے، اسی معمول کے مطابق جامعہ حسینیہ لال دروازہ کےکار گزار مہتمم اور جمعیۃ علماء جون پور کے جنرل سکریٹری جناب مولانا محمد اسعد الحسینی اور جناب مولانا توقیر احمد صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء جون پور، واستاذ جامعہ حسینیہ لال دروازہ جون پر،جناب حاجی سلیم صاحب نائب سکریٹری جمعیۃ علماء جون پور،جامعہ مدنیہ تشریف لائے، جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ کے مہتمم جناب مولانا محمد حارث بن مولانا محمد قاسم صاحب ؒ ودیگر اساتذہ جامعہ نے مہمانان عظام کا پر زور استقبال کیا ، جامعہ مدنیہ کے طلباء، اساتذہ سے ملاقات کر کے خوشی، مسرت کا اظہار کیا، جامعہ مدنیہ کی وسیع و عریض مسجد میں طلباء کے بیچ اہم خطاب فرمایا، صدر جمعیۃ علماء جون پور نے اپنے خطاب میںفرمایا ہمارے اکابر؛ علمائے کرام تھے ،انبیاء نہیں تھے، ان کی طرح آپ بھی بن سکتے ہیں ،ہاں محنت شرط اول ہے، انہوں نے بزرگان دین کے اہم واقعات بھی بتلائے، انہوں نے کہا: اکابر علمائے کرام صرف اپنے اساتذہ کرام کی نہیں،ان کے صاحبزادوں کی بھی قدر کرتے ،ان کا احترام کرتے تھے، جمعیۃ علماء جون پور کے جنرل سکریٹری جناب مولانا اسعد الحسینی نے بھی طلباء کے بیچ ناصحانہ خطاب فرمایا، انہوں نے کہا نبی کریم ﷺ کی سیرت کو پڑھیے، صرف درسیات نہیں خارجی کتابوں کا مطالعہ بھی ضروری ہے، آپﷺ پر کیسے کیسے حالات آئے، مکی زندگی کو دیکھئے، شعب ابی طالب کو پڑھیے رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے، آپﷺ کی زندگی ہمیں سبق دیتی ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں،پوری مضبوطی سے دین وایمان پر قائم رہیںگے، انہوں نے کہا : آپ سب طالب علم ہیں، اللہ نے آپ کا انتخاب کیا ہے، اس لئے اللہ کی اس نعمت کو معمولی مت سمجھیے، اس تقریب میں جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ کے تمام اساتذہ و طلبہ شریک تھے، معزز مہمان جناب مولانا توقیر احمد صاحب قاسمی کی رقت آمیز دعاء پر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔