ایمس میں سگریٹ نوشی یا تمباکو چباتا ہوا پایا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 16 th Dec.

نئی دہلی،16دسمبر:قومی دارالحکومت میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس دہلی) کو ’تمباکو سے پاک زون‘ قرار دیا گیا ہے۔ ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی ہسپتال کے احاطے میں سگریٹ نوشی یا تمباکو چباتا ہوا پایا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایمس کے ڈائریکٹر کی ہدایات میں ڈاکٹروں، مستقل یا کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین اور سیکورٹی اسٹاف کو خبردار کیا گیا ہے۔ایمس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ایم سرینواس کی طرف سے جاری کردہ دفتری میمورنڈم کے مطابق اگر کوئی کنٹریکٹ ملازم یا سیکورٹی عملہ اسپتال کے احاطے میں سگریٹ یا بیڑی پیتے یا تمباکو کی کوئی چیز چباتے ہوئے پایا جاتا ہے، تو اس کی سروس ختم کردی جائے گی۔ واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اگر کوئی مستقل ملازم یا ڈاکٹر ہسپتال کے احاطے میں تمباکو نوشی کرتے یا چباتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف میمورنڈم جاری کیا جائے گا اور اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔اس کے علاوہ ایمس کے احاطے میں سگریٹ نوشی اور تمباکو کا تھوکنا ایک قابل سزا جرم ہوگا جس میں مریضوں، خدمت گزاروں اورمریضوں سے ملنے والوں کے لئے 200 روپے جرمانہ ہوگا۔ تمام محکموں کے سربراہان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت کام کرنے والے عملے کو ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کو کہیں۔