بنگلہ دیش کی پہلی میٹرو لائن کا افتتاح کر دیا گیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 29th Dec.

ڈھاکہ ، 29دسمبر:بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں دو عشاریہ آٹھ بلین ڈالر کی لاگت سے بننے والی پہلی میٹرو ریل لائن کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔اس شہری ریلوے منصوبے کے لیے زیادہ تر فنڈز جاپان فراہم کر رہا ہے۔بنگلہ دیش سن دو ہزار تیس تک ایک سو سے زائد اسٹیشنوں کے ساتھ ایسی چھ میٹرو لائنیں تعمیر کرنا چاہتا ہے۔ یہ منصوبہ زیادہ تر جاپانی ترقیاتی فنڈز کی مدد سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ ڈھاکہ کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد شہروں میں ہوتا ہے اور اس کی آبادی بائیس ملین کے قریب ہے۔بنگلہ دیشی حکام دارالحکومت میں بھیڑ کو کم کرنا چاہتے ہیں جبکہ زیادہ ٹریفک نہ صرف بنگلہ دیش کی ترقی کو متاثر کر رہی ہے بلکہ شہریوں کے غم و غصے میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔اس ملک کے مقامی محققین کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام رہنے کی وجہ سے کام کا بہت زیادہ وقت ضائع ہو جاتا ہے اور اس طرح دارالحکومت کی معیشت کو ہر سال تین بلین ڈالر سے زیادہ کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ دارالحکومت کی زیادہ تر سڑکیں آئے دن ہونے والے مظاہروں کی وجہ سے بھی بند ہو جاتی ہیں اور ہر سال مون سون کی بارشیں بھی ان کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ بنتی ہیں۔وزیر اعظم شیخ حسینہ کا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ میٹرو ریل بھی ہمارے لیے ایک اور فخر کی بات ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ڈھاکہ سے ٹریفک جام ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور چھ میٹرو ریل لائنوں کے ساتھ ہم ایسا کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔توقع کی جا رہی ہے کہ جب یہ لائن مکمل طور پر فعال ہو جائے گی تو ہر گھنٹے ساٹھ ہزار افراد اس کے ذریعے سفر کر سکیں گے۔ ڈھاکہ کے شہری بے چینی سے یہ منصوبہ مکمل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔مستفیض الرحمان کو اپنے کام تک پہنچنے کے لیے ہر صبح تقریباً تین گھنٹے لگتے ہیں۔