بھونیشور کمار کی ٹیم میں واپسی پر لگا گرہن، سلیکٹرز نے نظر انداز کردیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 29th Dec.

نئی دہلی ، 29دسمبر :انڈیا اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 سیریز 3 جنوری سے کھیلی جائے گی۔ اس کے بعد ون ڈے سیریز کا آغاز 10 جنوری سے ہوگا۔بھارت نے سری لنکا کے خلاف میچز کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اس میں کئی تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا نام لیا گیا ہے۔لیکن بھونیشور کمار کو موقع نہیں دیا گیا۔ بھونیشور نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ اسی سال نومبر میں کھیلا ہے۔ اس کے بعد سے وہ واپس نہیں آ سکے۔ہندوستانی ٹیم نومبر 2022 میں نیوزی لینڈ کے دورے پر گئی تھی۔ یہاں انہیں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے کھیلنے تھے۔ ٹیم انڈیا نے بھونیشور کو ٹی 20 میچوں کے لیے بھی موقع دیا۔ اس دوران انہوں نے سیریز کے دو میچوں میں صرف ایک وکٹ حاصل کی۔ اس دورے کے بعد ہندوستان نے حال ہی میں بنگلہ دیش کیخلاف ونڈے اور ٹیسٹ سیریز کھیلی ہے۔ لیکن بھونیشور کو موقع نہیں دیا گیا۔ اب وہ سری لنکا کیخلاف بھی ٹیم میں نہیں ہیں۔ بھو نیشور کے مداحوں نے انہیں موقع نہ ملنے پر سوشل میڈیا پر ناراضگی کا اظہار کیا۔اہم بات یہ ہے کہ بھونیشور کمار نے ٹیم انڈیا کے لیے اب تک 121 ون ڈے کھیلے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 141 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ اس فارمیٹ میں ٹیم انڈیا کے لیے کئی بار خطرناک گیند بازی کر چکے ہیں۔ بھونیشور نے 21 ٹیسٹ میچوں میں 63 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ اس فارمیٹ میں چار بار ایک اننگز میں 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں لے چکے ہیں۔ بھونیشور کا ٹی 20 ریکارڈ بھی شاندار رہا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی میچوں میں 90 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ T20 انٹرنیشنل میں بھووی کی بہترین کارکردگی 4 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرنا ہے۔خیال رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف خراب کارکردگی پر بھونیشور کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا گیا تھا۔