بہار سرس میلہ میں شاندار مشاعرے کا انعقاد

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 28th Dec.

شعراء نے قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام دیا

 پٹنہ (پریس اعلانیہ) بہار سرس میلہ 2022 کے زیر اہتمام سماجی و ثقافتی ادارہ نہوا کی جانب سے  بہار سرس میلہ گاندھی میدان پٹنہ میں  شاندار مشاعرہ اورکوی سمیلن کا انعقاد کیا گیا، جس میں بہار کے مشہور و معروف شعراء اور شاعرات نےحصہ لیا۔ اس موقع پر مزاحیہ شاعر چونچ گیاوی، معین گریڈیہوی ، زینت شیخ، جیوتی اسپرش، شمع کوثر شمع ، نکہت آراء ، جبیں شمس نظامی اور امیت ادیانت نے اپنے بہترین کلام پیش کر سامعین کا دل جیت لیا۔ نظامت کے فرائض محترمہ جبیں شمس اور چونچ گیاوی نے مشترکہ طور پر اداکی۔ سب سے پہلے زینت شیخ کو دعوتِ سخن دی گئی ۔ انہوں نے اپنے خاص لب و لہجے میں کہا :
بہت رنگین موسم ہے، تم ایسے میں چلے آؤ
کہ بیتابی کا عالم ہے ، تم ایسے میں چلے آؤ
ہمارے پاؤں سے تو ہجر کی زنجیر لپٹی ہے
تمہیں کس بات کا غم ہے ، تم ایسے میں چلے آؤ
        ان کے بعد شمع کوثر شمع کو بلایا گیا۔سامعین نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا:
     شمع کے بعد نکہت آراء کودعوت دی گئی ۔ انہوں نے اپنے خاص انداز میں کلام پیش کر سامعین کا دل جیت لیا۔ پیش ہے نمونہ کلام:
دو قدم ساتھ چل کے دکھا پھر ذرا
میری جانب قدم کو بڑھا پھر ذرا
بجھ کے بھی نا بجھی اس طلب کے لئے
روبرو آکے جلوہ دکھا پھر ذرا
    پھر نوجوان کوی امیت ادیانت کو بلایا گیا ۔ انہوں نے اپنے رنگ میں کویتا پیش کر کےماحول کو رنگین بنا دیا۔
  اب باری تھی معین گریڈیہوی کی ۔ ناظم مشاعرہ نے انہیں آواز دی تو معین نے اپنے خاص اندازاور دھن میں اشعار پیش کرنے لگے۔ سامعین نے تالیوں کی گڑگڑاہٹ سے ان کو دعائیں دیں ۔ انہوں نے کہا:
وہ جو انگڑائیاں چھتوں پر لیں
پھر اماوس میں چاندنی ہوگی
مانگ میں ان کی ٹانک دو تارے
پھر معین خوب دلکشی ہوگی
         پھر مشاعرے کا ذائقہ بدلنے کے لئے  ناظم مشاعرہ محترمہ جبیں شمس نے ہندوستان کے مشہور مزاحیہ شاعر چونچ گیاوی کو آواز دی۔ ان کے نام سے ہی سامعین قہقہے لگانے لگے اور آخری دم تک لوٹ پوٹ ہوتے رہے۔پیش ہےان کا کلام:
سوچ کر مشورہ مجھے دینا
چاہتا ہوں میں یہ کمال کروں
پاپ مجھ کو تو کچھ نہیں ہوگا
مرغ اوروں کا گر حلال کروں
       پھر چونچ گیاوی نے جبیں شمس کو آواز دی ۔ انہوں نے آپسی اتحاد ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور عورتوں کے مسائل پر
مبنی کئی بہترین اشعار پیش کیے۔ اپنا کلام پیش کرنے کے بعد جبیں شمس نے جیوتی اسپرش کو دعوتِ سخن دی۔ انہوں نے اپنے اشعار کے ذریعے کئی پیغام دیئے ۔ اس آخری شاعرہ کے بعد مشاعرہ کنوینر معین گریڈیہوی نے موجود سامعین ، ادارہ نہوا، مہمان شعراء اور سرس میلہ کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مشاعرے کے اختتام کا اعلان کیا ۔