بہار میں شراب بندی کی ناکامی سے ریونیو کا نقصان، یہاں کے عام لوگ کر رہے ہیں تلافی: پرشانت کشور

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Dec

موتیہاری ، 02 دسمبر:جن سوراج پدیاترا کے 62 ویں دن چھوڑا دانو بلاک پہنچنے پرشانت کشور نے جمعہ کے روز یہاں کہا کہ بہار میں شراب بندی ناکام ہوگئی ہے ، اور اس کے نام پر حکومت عام لوگوں کو لوٹ رہی ہے۔ شراب بندی کی وجہ سے 20,000 کروڑ روپے کی ا?مدنی کا نقصان ہوا ہے جس کی تلافی بہار کے لوگ مہنگا ڈیزل اور پٹرول خرید کر کر رہے ہیں۔
پرشانت کشور نے پد یاترا کے دوران پنچایتی راج نظام سے متعلق مقامی کمیٹی کے ارکان ، خواتین ، نوجوانوں اور عوامی نمائندوں سے ملاقات کی اور ضلع سمیت چھوڑا دانو کے مقامی مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔اس دوران انہوں نے کہا کہ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلے بہار میں پٹرول ڈیزل کی قیمت زیادہ وصول کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے کسان دھان 2040 روپے کی بجائے 1400 سے 1500 روپے میں فروخت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے یہاں کے کسان اپنے بچوں کی بہتر تعلیم اور صحت کے لیے اپنی زمین بیچ رہے ہیں۔
جن سوراج پدیاترا کے مقصد اور مستقبل کے خاکہ پر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پد یاترا کے ذریعے وہ سماج کے تمام صحیح لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جن سوراج پدیاترا میں گاؤں گاؤں پیدل چل کر میں آپ سب سے مل رہا ہوں اور آپ کی پریشانیوں کو محسوس کر رہا ہوں تاکہ سب کی اجتماعی کوششوں سے اسے دور کیا جا سکے۔