حادثوں کی ٹرین بنی وندے بھارت، ڈیڑھ مہینے میں پانچویں ٹکر

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 4 th Dec.

گاندھی نگر،03 دسمبر:وندے بھارت سپرفاسٹ ایکسپریس ایک بار پھر حادثے کا شکار ہوگئی- اس بار وندے بھارت ایکسپریس گجرات کے اودا اور واپی اسٹیشنوں کے درمیان حادثے کا شکار ہوگئی ہے- ٹرین نے مویشیوں کو ٹکر مار دی- ریلوے حکام کو حادثے کی اطلاع جمعرات کی رات دیر گئے ملی- اہلکار نے بتایا کہ حادثے کی وجہ سے ٹرین کے فرنٹ پینل پر ایک معمولی خراش آئی ہے- اس سے پہلے بھی اس طرح کے چار واقعات پیش آ چکے ہیں -ویسٹرن ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر سمت ٹھاکر نے کہاکہ ادے واڑا اور واپی کے درمیان لیول کراسنگ گیٹ نمبر 87 کے قریب شام 6.23 بجے کے قریب ٹرین کا آپریشن متاثر ہوا- سامنے والے حصے کو معمولی نقصان ہوا تھا اور کوئی آپریشنل مسئلہ نہیں تھا- تھوڑی دیر رکنے کے بعد ٹرین نے شام 6.35 اپنا سفر دوبارہ شروع کر دیا-خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین حادثے کی خبریں آ چکی ہیں – 29 اکتوبر کو وندے بھارت ایکسپریس ایک گائے سے ٹکرا گئی تھی- تصادم کے بعد انجن کا اگلا حصہ ٹوٹ گیا- یہ حادثہ گجرات کے ولساڈ میں واقع اتل ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا-اس سے قبل 6اکتوبر کو بھی حادثہ ہوا تھا- ممبئی سے گاندھی نگر جا رہی وندے بھارت ایکسپریس کو پٹری پر ایک بھینس سے ٹکرانے کے بعد نقصان پہنچا تھا- حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا، تاہم ٹرین کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا تھا- وہیں، 7 /اکتوبر کو وڈودرا ڈویژن میں آنند کے قریب ایک گائے وندے بھارت ایکسپریس سے ٹکرا گئی تھی- جبکہ 8 نومبر کو گجرات کے آنند میں وندے بھارت ٹرین کی زد میں آ کر ایک خاتون کی موت ہو گئی تھی۔