خالہ کو قتل کر کے لاش کے 10 ٹکڑے کرنے والا ملزم گرفتار

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 18 th Dec.

جے پور،18 دسمبر: جے پور میں قتل کے بعد لاش کے کئی ٹکڑے کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے،پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔جے پور شہر میں گرفتار ملزم 32 سالہ انوج شرما نے اپنی بیوہ 64 سالہ خالہ کو سر پر ہتھوڑا مار کر قتل کر دیا جس کے بعد ملزم نے لاش کے 10 ٹکڑے کر دیے۔رپورٹس کے مطابق ملزم کی خالہ نے اسے 11 دسمبر کو ایک تقریب کے لیے دہلی جانے سے منع کیا تھا جس پر اس نے انہیں قتل کر دیا۔ملزم گھر میں اپنے والد، بہن اور خالہ کے ساتھ رہتا تھا، بہن اور والد 11 دسمبر کو دوسرے شہر گئے ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق خالہ نے ملزم کو دہلی جانے سے روکا تو اس دوران تلخ کلامی کے بعد ملزم نے خاتون کو سر پر ہتھوڑا مار کر قتل کر دیا اور لاش کے 10 ٹکڑے کرنے کے بعد انہیں ہائی وے کے دور دراز علاقے میں پھینک دیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے جرم کو چھپانے کے لیے تھانے میں خالہ کی گمشدی کی رپورٹ درج کرائی اور دیگر رشتے داروں کے ساتھ مل کر انہیں ڈھونڈنے کا ڈرامہ بھی کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گمشدگی کی تفتیش کے دوران پولیس نے اندازہ لگایا کہ ملزم کے بیانات گمراہ کن ہیں جس کے بعد اس پر نظر رکھنا شروع کر دی گئی، بعد ازاں سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملزم کو گھر سے بالٹی اور سوٹ کیس لیکر نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔اس سے قبل رواں ماہ ریاست کرناٹیکا میں نوجوان نے مبینہ طور پر اپنے باپ کو قتل کر کے لاش کے 32 ٹکڑے کر کے انہیں کنویں میں پھینک دیا تھا۔رواں سال قتل کی ایک اور ہولناک واردات کا بھی انکشاف ہوا تھا جس نے اپنے بیٹے کی مدد سے اس کے سوتیلے باپ کو قتل کر کے لاش کے ٹکڑے کر کے فریج میں رکھے تھے۔علاوہ ازیں رواں سال دارالحکومت نئی دہلی میں ایک شخص نے اپنی گرل فرینڈ شردھا کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کے 35 ٹکڑے کر کے فریج میں رکھ دیے تھے۔