درمیا ن میچ میں ٹیم انڈیا کا کپتان تبدیل ، کے ایل راہل نے کمان سنبھالی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8 th Dec.

میر پور ، 7دسمبر: انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ زخمی کھلاڑی کی پریشانی سے نبرد آزما ہندوستانی ٹیم کو ایک کے بعد ایک دھچکا لگ رہا ہے۔ اتوار 4 دسمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف ایک شرمناک میچ تھا۔اس میچ کے بعد روہت شرما کی کپتانی کو لے کر باتیں ہونے لگی تھیں۔ بدھ کو درمیانی میچ میں چوٹ کی وجہ سے انہیں باہر ہونا پڑا اور کپتانی کے ایل راہل کو سونپی گئی۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کپتانی مسلسل سوالوں کی زد میں ہے۔ کوہلی کو کپتانی سے ہٹانے کے بعد روہت شرما کو تینوں فارمیٹس کا کپتان بنایا گیا تھا۔ ان کی کپتانی میں ٹیم کو اس سال ایشیا کپ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پھر حال ہی میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرمناک شکست کے ساتھ سیمی فائنل سے باہر ہونا پڑا۔بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران ہندوستان کی کپتانی میں اچانک تبدیلی کی گئی۔ روہت کو چوٹ کی وجہ سے باہر جانا پڑا، انہیں اسپتال لے جایا گیا ۔ میچ کے وسط میں اس پر اپ ڈیٹ دیتے ہوئے بی سی سی آئی نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر کپتان روہت کو اسکین کے لیے ڈھاکہ کے اسپتال لے جایا گیا تھا۔روہت شرما بنگلہ دیش کیخلاف سلپ میں فیلڈنگ کے دوران کیچ لیتے ہوئے ہاتھ میں انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ محمد سراج اننگز کا دوسرا اوور کرنے آئے اور انعام الحق نے چوتھی گیند پر شاٹ کھیلا جو سیدھا سلپ میں روہت کے پاس گیا۔ وہ اسے صحیح طریقے سے پوزیشن میں نہ لے سکے اور گیند ان کے ہاتھ پر لگی جس سے انگلیوں کے درمیان سے خون بہنے لگا۔ تکلیف محسوس کرتے ہوئے وہ فوراً میدان سے نکل گئے، چوٹ لگنے کے بعد روہت کو اسکین کے لیے ڈھاکہ کے اسپتال میں لے جایا گیا ہے۔