دینی و عصری تعلیمات کے ساتھ بہتر تربیت کی بھی ضرورت: ضیاء المجتبیٰ کامل

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 5 th Dec

مظفرپور:4/دسمبر(اسلم رحمانی)تحریک اصلاح ملت کے زیر اہتمام جامعہ مشکات العلوم بیریا مظفرپور میں اصلاح ملت کانفرنس و جشن دستار عالمیت کا شاندار انعقاد کیا گیا- اس موقع سے ملک کے نامور علماء و مشائخ کی تشریف آوری ہوئی- سرپرست اجلاس پیر طریقت حضرت علامہ الحاج ضیاء المجتبیٰ کامل سجادہ نشیں خانقاہ جنابیہ حسینی شریف مشرقی چمپارن نے کہا کہ تعلیم کے حصول کے ساتھ ہم اپنے اخلاقی اقدار کو درست کریں- سماج و معاشرہ میں پھیلتی ہوئی برائیوں کا سد باب کریں تبھی ہمارا تشخص قائم رہ سکتا ہے- تحریک اصلاح ملت کے پیغام و نظریات کو عام کرنے کی ضرورت ہے- ہمارے بچے دینی و عصری علوم سے آراستہ و پیراستہ ہوں تبھی ان کی ترقی ممکن ہے- مفتی قمر عالم مصباحی شیخ الحدیث جامع اشرف کچھوچھہ شریف یوپی نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ بہتر تربیت اور اصلاح معاشرہ کی سخت ضرورت ہے- علمائے کرام کو متفق ہوکر دین و ملت کا کام کرنے کی ضرورت ہے- دینی کانفرنسوں کو آسان بنائیں- اسلامی شعار کے مطابق ہم اپنی زندگی گزاریں- مولانا شاہد رضا خان مصباحی کمشنر نگر نگم سمستی پور نے کہا کہ اب مدارس اسلامیہ کے طلباء مقابلہ جاتی امتحانات میں شریک ہورہے ہیں اور کامیاب بھی ہورہے ہیں یہ نہایت خوش آئند اور ہمارے طلبہ کے لیے مشعل راہ ہے- ہم کسی بھی میدان کو سر کرسکتے ہیں بشرطیکہ اپنے دین و ایمان, عقائد و نظریات کی حفاظت کا طریقہ معلوم ہو- مذہب اسلام مدارس تک ہی محدود نہیں یے بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں ہمیں مذہب و ملت کی ترجمانی کرنے کی ضرورت ہے- نیاز احمد مصباحی ریسرچ آفیسر یونانی میڈیکل سنٹرل گورنمنٹ دہلی نے کہا کہ علم وہ لازوال نعمت ہے جس کی وجہ سے انسان اشرف المخلوقات شمار کیا جاتا ہے- ہمارے سبھی مسائل کا حل علم میں ہے- ملت کو اصلاح کی سخت ضرورت ہے- کانفرنسوں کو عام روش سے بچانے کی ضرورت ہے- سنجیدگی و متانت کا ہم مظاہرہ کریں- اخلاقی، سماجی، ملی،دینی،اقتصادی، معاشی، تعلیمی میدان میں ہم ملک کے نہایت پسماندہ طبقہ سے بھی پیچھے ہیں- جس قوم کو دنیا کی امامت کے لیے بھیجا گیا آج وہ ہر شعبہائے زندگی میں نہایت پیچھے ہے جو نہایت افسوسناک ہے- ہمیں اس کے لیے مضبوط لائحۂ عمل تیار کرنے اوراس پر متفق و متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے- شاعر اسلام اکرم نورانی, قمر عالم مصباحی نے حمد و نعت اور جامعہ مشکات کا ترانہ و استقبالیہ پیش کیا-اس موقع سے مولانا ثناء اللہ اطہر مصباحی چیئرمین تحریک اصلاح ملت نے مولانا نیاز احمد مصباحی, مولانا شاہد رضا خان مصباحی, توصیف الحق انصاری کو ایوارڈ سے نوازا-علمائے کرام و مشائخین عظام کے ہاتھوں جامعہ مشکات العلماء کے فارغین محمد شمیم اختر, محمد ناصر شیخ,محمد عادل رضا, محمد انضمام الحق, شمشیر عالم, محمد داؤد رضا, محمد فاروق رضا, محمد افضل احمد, ثناء المصطفیٰ کو عالمیت اور محمد قمرالزماں, محمد فیضان رضا, محمد توصیف رضا, محمد اسرافیل, محمد رحمت رضا, مبین الاسلام, محمد حسین احمد کو قرآت کی دستار باندھی گئی-
اس موقع سے مفتی شمیم القادری , مفتی حسن رضا نوری صدر مفتی ادارۂ شرعیہ پٹنہ, مفتی حامد القادری, ڈاکٹر فرمان علی آرتھو پیڈک سرجن, مولانا غلام ربانی مصباحی, مولانا کوکب جمال مصباحی, مولانا منظر عالم رضوی, مولانا شکیل احمد رضوی, غلام مصطفیٰ حیدری, الحاج رضاء الرحمن حیدری سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی-