راہل گاندھی نے پیٹرول کی قیمتوں پر پی ایم مودی سے سوال کیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 5 th Dec

نئی دہلی،04دسمبر:کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے دعوی کیا کہ پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا پی ایم مودی کے لوٹ تنترکے خلاف آواز ہے اور ایندھن کی قیمتوں پرمرکز سے سوال کیا۔انہوں نے کہا کہ خام تیل 25 فیصد سستا، ایل پی جی 40 فیصد سستا، یہ چھ ماہ کے بین الاقوامی قیمتوں کے اعداد و شمار ہیں، اس کے باوجود پیٹرول، ڈیزل اور گیس سلنڈر کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں کی گئی؟۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا اتوار کو آگر مالوا ضلع سے اپنے مدھیہ پردیش مرحلیکے آخری دن دوبارہ شروع ہوئی اور شام کو راجستھان میں داخل ہوئی۔مشہور لوک گلوکار پرہلاد ٹپنیا اپنے گروپ اور کانگریس ایم ایل اے جیتو پٹواری کے ساتھ صبح کے اوقات میں گاندھی کے ساتھ چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھے گئے جب یاترا نے 12 ویں اور آخری دن صبح 6 بجے لالہ کھیڈی گاؤں سے اپنا اگلا سفر شروع کیا۔چھندواڑہ سے کانگریس کے لوک سبھا رکن نکول ناتھ، سابق مرکزی وزیر ارون یادو اور کانگریس ایم ایل اے پریاورت سنگھ بھی مارچ کے دوران گاندھی کے ساتھ تھے۔یہ بھارت جوڈو یاترا کا 88 واں دن ہے، جو کانگریس کی ایک عوامی رابطہ پہل ہے، کیونکہ یہ 7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے نکلی تھی۔پیدل مارچ صبح کے وقفے کے لیے آگر مالوا ضلع کی تحصیل سویت کلاں میں صبح 10 بجے کے قریب رکا۔یہ آگر مالوا کے پپلیشور مہادیو مندر سے دوپہر میں دوبارہ شروع ہوا اور شام کو راجستھان میں داخل ہوا۔مدھیہ پردیش کانگریس کے ارکان نے صحرائی ریاست کے چنولی گاؤں میں اپنی راجستھان ٹیم کے ارکان کو قومی پرچم سونپا۔