شملہ، دھرم شالہ اور کلّو کے درمیان 09 اور 10 دسمبر کوشروع ہوگی فضائی سروس

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 7 th Dec.

شملہ، 06 دسمبر: ہماچل پردیش کے تین مشہور سیاحتی مقامات شملہ، دھرم شالہ اور کلو کے لیے براہ راست فضائی سروس شروع ہونے جا رہی ہے۔ اس سے عوام بالخصوص سیاحوں کو آسانی ہوگی۔ ہماچل میں ایئر لائن فراہم کرنے والی کمپنی الائنس ایئر نے ہوائی پروازوں کا شیڈول اور کرایہ طے کر لیا ہے۔ الائنس ایئر کی طرف سے جاری ایک پریس بیان میں بتایا گیا ہے کہ شملہ سے دھرم شالہ کے لیے 09 دسمبر سے اور کلو کے 10 دسمبر سے فضائی خدمات شروع ہوں گی۔ شملہ سے دھرم شالہ کے لیے صبح 7:40 پر فلائٹ ہوگی اور فلائٹ صبح 8:30 بجے دھرم شالہ پہنچے گی۔ اسی طرح دھرم شالہ سیفلائٹ صبح 8:50 پر پروازبھرے گی اور صبح 9:40 پر شملہ پہنچے گی۔اس کے علاوہ شملہ سے کلو کے لیے الائنس ایئر کی پرواز صبح 7:40 بجے شروع ہوگی اور صبح 8:30 بجے وہاں پہنچے گی۔ کلو سے شملہ کی واپسی کی پرواز صبح 8:50 بجے ہوگی اور صبح 9:40 بجے شملہ پہنچے گی۔
الائنس ایئر کے ترجمان نے کہا کہ شملہ-دھرم شالہ کے درمیان ہفتے میں تین دن یعنی پیر، جمعہ اور ہفتہ کو ہوائی سروس ہو گی۔ جبکہ شملہ-کلو کے درمیان ہفتے میں چار دن منگل، بدھ، جمعرات اور اتوار کو پرواز ہوگی۔ ان کا کرایہ 5138 فی مسافر ہوگا۔
تاہم شملہ، دھرم شالہ اور کلو کو ہوائی سروس کے ذریعے جوڑنے سے سیاح اب سردیوں کے موسم میں بھی ہوائی جہاز کے ذریعے اپنے پسندیدہ مقامات تک پہنچ سکیں گے۔