شکست سے دوچار اسپین فٹبال ٹیم کے منیجر لوئس اینریک نے اپنا عہدہ چھوڑ د یا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 9 th Dec.

دوحہ /میڈرڈ،9دسمبر:فٹ بال ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 سے اسپین کے باہر ہونے کے ساتھ ہی ایک بڑی خبر سامنے آگئی ہے۔ ٹیم منیجر لوئس اینریک نے بھی اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔ مراکش کے خلاف پینلٹی شوٹ آؤٹ میں شکست کے بعد ٹیم کے باہر ہونے کے بعد اینریک نے باہمی رضامندی سے اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔ 2018 میں اسپین کے کوچ بننے والے اینریک کا دور بہت کامیاب رہا لیکن ان کی ٹیم نے ورلڈ کپ میں کافی مایوس کیا۔2018 ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد اینریک نے سپین کے کوچ کا عہدہ سنبھالا۔ 2019 میں اینریک کینسر سے لڑنے والی اپنی بیٹی کے علاج کے لیے کچھ عرصے کے لیے ٹیم سے دور رہے لیکن پھر بیٹی کے انتقال کے بعد دوبارہ ٹیم جوائن کیا تھا۔26 افراد کو منتخب کرنے کی اجازت کے باوجود اینریک نے 2020 یورو کے لیے صرف 24 افراد کا انتخاب کیا اور ان کی ٹیم میں ریال میڈرڈ کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں تھا۔اینریک ایک سابق بارسلونا اور اسپین کے مڈفیلڈر ہیں، انہوں نے 2008 میں بارسلونا کی بی ٹیم کے ساتھ کوچنگ کا آغاز کیا۔ روما اور سیلٹا جیسی ٹیموں کی کوچنگ کے بعد انہوںنے 2014 میں بارسلونا کی مرکزی ٹیم کی کوچنگ شروع کی۔