صفائی ملازم کی مارپیٹ کی مخالفت میں’’آپ‘ نے کیا مظاہرہ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 30th Dec.

نئی دہلی،30دسمبر:لکشمی نگر کے ایم ایل اے ابھے ورما اور بی جے پی کارکنوں کی جانب سے صفائی کارکنان کے ساتھ مارپیٹ کرنے کی حمایتی میں ویسٹ گرو آنند نگر میں عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کا مظاہرہ جاری ہے۔ احتجاج کے دوران انہوں نے ابھے ورما کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر امن برقرار رکھنے کے لیے پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔میونسپل کارپوریشن اور دہلی صفائی ملازمین کمیشن نے ڈپٹی کمشنر آف پولیس امرتا گگولوتھ کو ایک خط لکھ کر لکشمی نگر اسمبلی حلقہ میں کام کرنے والے سویپر امیت کی پٹائی کے معاملے میں کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔میونسپل کارپوریشن شاہدرہ سدرن زون کے اسسٹنٹ کمشنر روبل سنگھ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ایم ایل اے ابھے ورما کے ساتھ پہنچے کچھ لوگوں نے صفائی ورکر امیت کے ساتھ مارپیٹ کی۔ اس کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے۔ امیت کارپوریشن کا ملازم ہے۔ اس لیے سرکاری ملازم کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی فوری ایف آئی آر درج کی جائے۔ اس کے ساتھ ہی صفائی ملازمین کمیشن کے چیئرمین سنجے گہلوت نے بھی ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ کر معاملے کی منصفانہ جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مار پیٹ کے ساتھ ذات پات کے الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے صفائی ملازمین میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے صفائی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اب کوئی بھی احتجاج جیسا قدم نہ اٹھائیں۔ کمیشن اس پر سخت کارروائی کرے گا۔ پولیس کی جانب سے کارروائی کی جائے گی۔