طالبہ کو سائیکل پر بٹھانے پر طالب علم کی پٹائی کے بعد بال کاٹا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 9 th Dec.

سمستی پور مورخہ 9 دسمبر (محمد خورشید عالم) سمستی پور ضلع کے ویبھوتی پور تھانہ علاقہ کے چک حبیب گاؤں میں لڑکے اور لڑکا کو ایک ساتھ سائیکل پر جاتے دیکھ کر گاؤں والوں نے پہلے طالب علم کو پکڑ کر مارا پیٹا، پھر اس کے بال کاٹ دیے اور پھر اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔مارپیٹ میں زخمی طالب علم کو علاج کے لئے اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ طالب علم کے ساتھ مارپیٹ کا ویڈیو بناکر کسی نے اسے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔واقعے کے سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ امت کمار جو کہ ویبھوتی پور تھانہ علاقے کے کلیان پور کا طالب علم ہے جو کہ چک حبیب گاؤں کی ایک طالبہ کو سائیکل پر بٹھاکر  کوچنگ جا رہا تھا۔ اسی دوران گاؤں کے کچھ لوگوں نے دونوں کو ایک ساتھ سائیکل پر جاتے ہوئے دیکھا۔ جس کے بعد طالبہ کے گھر والوں کو اطلاع دی گئی۔ جس کے بعد اہل خانہ نے طالب علم کو پکڑ کر پہلے تو خوب مارا پیٹا اور کمرے میں بند کر دیا اور پھر لوگوں نے اس کے بال بھی کاٹ دیے۔بعد میں پولیس کو واقعے کی اطلاع دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر طالب علم کو اپنی تحویل میں لے لیا اور ویبھوتی پور پی ایچ سی میں اس کا علاج کرایا۔ دوسری طرف ویبھوتی پور تھانہ صدر سندیپ پال نے بتایا کہ طالبہ کے سائیکل پر بٹھانے کی وجہ سے لوگوں نے اس واقعہ کو انجام دیا ہے۔ طالبہ کے اہل خانہ کی جانب سے تاحال کوئی تحریری درخواست نہیں دی گئی، دوسری جانب نوجوان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اگر ان کا بیٹا قصوروار ہے تو اسے جیل بھیجا جائے، بصورت دیگر وہ بھی مقدمہ درج کرائیں گے۔ تھانہ صدر کا کہنا ہے کہ دونوں خاندانوں کو بلایا گیا ہے۔درخواست ملنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔